ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،معیشت کی بحالی کا انحصار ان منصوبوں کی تکمیل پر ہے ،صدر مملکت ،

پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے۔ اس راہداری کی تعمیر سے نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے میں انقلاب آئے گا،ممنون حسین قومی ترقی کا واحد راستہ یہ ہے کہ قومی اداروں کو بدعنوان عناصر سے پاک کردیا جائے جس سے معیشت کو استحکام ملے گا،کراچی میں اہل علم و دانش کے وفد سے گفتگو

پیر 2 مارچ 2015 20:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ معیشت کی جلد بحالی کا انحصار ان منصوبوں کی فوری تکمیل میں ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے۔ اس راہداری کی تعمیر سے نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے میں انقلاب آئے گا اور روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے ۔

ان خیالات کا اظہارصدر مملکت ممنون حسین نے پیرکواسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی میں اہل علم و دانش کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کے لیے پوری قوم یکسو ہوکر کام کرے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ قوم کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف جہاد کے ساتھ ساتھ کرپٹ عناصر کی حوصلہ شکنی کرے۔

انھوں نے کہا کہ قومی ترقی کا واحد راستہ یہ ہے کہ قومی اداروں کو بدعنوان عناصر سے پاک کردیا جائے جس سے معیشت کو استحکام ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے قوم حکومت کا ساتھ دے اور ایسا ماحول پیدا کردے کہ بدعنوان عناصر کی معاشرے میں حوصلہ شکنی ہو۔ انھوں نے کہا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے معاشرے کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔