دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے نوجوان معاشرے کی ضرورت ہے،شاہد محمود

پیر 2 مارچ 2015 20:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کراچی کے انچارج شاہد محمود نے کہا ہے کہ تربیت یافتہ رضاکار انسانیت کے محافظ ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے نوجوان معاشرے کی ضرورت ہے۔ بہتر اور تیز رفتار امدادی سرگرمیاں رضاکاروں کی تربیت پر منحصر ہے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہر نوجوان کو تربیت یافتہ دیکھنا چاہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں دو روزہ ریسکیو ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ کے پہلے روز شرکاء سے ڈاکٹر عبدالرحمن، ڈاکٹر محمد ارشد انصاری، رضوان شوکت، نوید قمر و دیگر ماہرین سمیت جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے نائب مدیر مفتی یوسف کشمیری نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں شہر بھرسے رضاکاروں کی بڑی تعداد شریک ہیں۔

مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں ورکشاپ کے پہلے روز فائر فائٹنگ، ڈیڈ باڈی منجمنٹ، بیسک لائف سپورٹ تھیوری سمیت دیگر موضوعات پر ماہرین کے لیکچرز کے علاوہ شرکاء کے لیے عملی تربیت کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ ورکشاپ کے دوسرے روز واٹر ریسکیو، ڈرائیونگ سیفٹی، شورٹ ٹراما کورس کے علاوہ دیگر موضوعات پر لیکچرز اور عملی تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کراچی کے انچارج شاہد محمود نے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی خدمت اور دعوت کے ذریعے ممکن ہے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن امدادی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کے لیے ریسکیو کورسز ہر شہر اور ضلع کی سطح پر منعقدکر رہی ہے۔ ہمارا مطمح نظر انسانیت کی فلاح ہے۔ ملک بھر میں ہنگامی صورت حال اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ رضاکاروں کی فراہمی فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کا اعزاز ہے۔ رضاکاروں کی پیشہ وارانہ انداز سے تربیت ریسکیو آپریشن میں مزید بہتری کے لیے معاون ثابت ہوگی۔