پنگریو میں شورو برادری کی جانب سے ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کی حمائت میں ریلی نکالی گئی

پیر 2 مارچ 2015 20:18

پنگریو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء)پنگریو میں شورو برادری کی جانب سے ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کی حمائت میں ریلی نکالی گئی جو کہ شہر بھر کا گشت کرتی ہوئی پریس کلب کے سامنے پہنچی جہاں پر خطاب کرتے ہوئے غلام رسول شورو، محمد امین شورو، رب نواز شورو، شاہ جہاں ملاح ، کالیا ملاح ،اور دیگر نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا ایک سچے اور بہادر لیڈر ہیں جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں مگر پارٹی کے چند لیڈر ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کو برداشت کر نے کے لئے تیار نہیں ہیں کیونکہ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا ان لیڈروں کی لوٹ کھسوٹ اور بدعنوانیوں کے خلاف ہیں اور عوام کے حقوق کی بات کرتے ہیں ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا سچائی کے راستے پر چل رہے ہیں ضلع بدین کی شورو برادری اور ضلع کے عوام اس سفر میں ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کے ساتھ ہیں مقررین نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کا موقف سنیں اور انہیں دوبارہ پارٹی میں سرگرم کرائیں مقررین نے پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین کے جنرل سیکریٹری اور رکن قومی اسمبلی کمال خان چانگ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ کمال چانگ آج جو کچھ بھی ہیں ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کی وجہ سے ہیں کمال چانگ کو بدین کا ضلعی ناظم ، رکن قومی اسمبلی اور چانگ برادری کا سردار بنوانے والے ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا ہیں آج کمال چانگ اپنے اس محسن کی مخالفت کررہے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کے چاہنے والوں بلکہ کمال چانگ کے ووٹروں اور ضلع بدین کے عوام میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے پاکستان پیپلز پارٹی کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ان جیسے سچے اور دلیر لیڈر پارٹی کارکنوں کے دلوں میں رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے جو موقف اپنایا ہے وہ پارٹی کارکنوں کے دلوں کی آواز ہے اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کے حق میں زبردست نعرے بازی کی جبکہ ریلی کے باعث پنگریو جھڈو اور پنگریو ٹنڈو باگو روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہو گیا