جماعت اسلامی ہی قوم کے تمام مسائل حل کرسکتی ہیں،جماعت اسلامی کسی خفیہ تحریک کا حصہ نہیں بلکہ وطن عزیز پاکستان میں آئینی اورجمہوری طریقے سے تبدیلی کے خواہاں ہے ، تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان جماعت اسلامی کے روشن کردار کے معترف ہیں،

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان کا ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب

پیر 2 مارچ 2015 19:15

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2مارچ۔2015ء ) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی اس قوم کے تمام مسائل حل کرسکتی ہیں،جماعت اسلامی کسی خفیہ تحریک کا حصہ نہیں بلکہ وطن عزیز پاکستان میں آئینی اورجمہوری طریقے سے تبدیلی کے خواہاں ہے ،آج تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان جماعت اسلامی کے روشن کردار کے معترف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بو علی سینا میڈیکل کمپلیکس ضلع صوابی میں جماعت اسلامی ضلع صوابی کے سالانہ منصوبہ عمل ورکشاپ کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکشاپ میں ضلع بھر کے ارکان و کارکنان اور ہر سطح کے ذمہ داران نے شرکت کی ۔ورکشاپ سے جماعت اسلامی ضلع صوابی کے امیر و سابق ایم این اے محمد عثمان ایڈوکیٹ ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ہارون الرشید ناصر ،نائب امراء اضلاع سعید زادہ یوسفزئی ،حکیم فضل وہاب ، محمد علی خان ،فیض ارحمن،محمد فواد ،عماد الدین یوسفزئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے شبیر احمد خان نے کہا کہ اس ملک میں جماعت اسلامی ہی ایسی جماعت ہے جن کے پاس اس ملک کے تمام مسائل کے حل کرنے کی صلاحیت جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتاہے کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے کارکنان جس طرح ماضی میں جماعت اسلامی کے روشن کردار کی معترف تھے اسی طرح آج بھی جماعت اسلامی کی روشن کردار کا اعتراف کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پیش نظر اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہے اور ہم اسلامی جمہوری پاکستان اسلئے بنا نا چاہتے ہیں کہ جس سے خلق خدا کی خدمت کرسکیں اور خلق خدا کی خدمت ہی رضائے الٰہی کا حصول ہے ۔اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے ہمارا طریقہ کار واضح اور جمہوری ہے ۔اسلئے ہم اپنے تمام کارکنان کو اپیل کرتے ہیں کہ اس ملک کی میں عدل و انصاف پر مبنی نظام قائم کرنے کیلئے ہر کارکن کو کم از کم 100 ووٹر بنانا اس سال کیلئے ہدف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاری مکمل کرلی ہے اور ان شاء اللہ جماعت اسلامی اپنے کردار اور بے لوث قیادت کے ذریعے کلین سویپ کریگا۔تمام کارکنان بلدیاتی انتخابات کے لئے رابطہ عوام مہم شروع کرکے گھر گھر اور ہر فرد تک اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے لئے جاری جدوجہد میں شرکت پر آمادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ سال 2015ء یوتھ کا سال ہوگا اور شباب ملی کے پلیٹ فارم پر یوتھ کو منظم کرکے ایک پائیدار اور پر امن اسلامی انقلاب برپا کرینگے۔

متعلقہ عنوان :