واپڈا کی ممکنہ نجکاری کیخلاف آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کا 3 مارچ سے احتجاجی تحریک کا اعلان

پیر 2 مارچ 2015 17:40

حیدرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء ) واپڈا کی ممکنہ نجکاری کیخلاف آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین نے 3 مارچ سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا‘ یونین کے مرکزی صدر عبدالطیف نظامانی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے احتجاجی تحریک کے باوجود نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو ملک بھر کی بجلی بند کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے‘ وہ حیدرآباد پریس کلب میں دیگر عہدیداران کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے‘ عبدالطیف نظامانی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی ایماء پر واپڈا کی نجکاری کرنا چاہتی ہے مگر واپڈا کے لاکھوں محنت کش ادارے کی نجکاری کسی صورت ہونے نہیں دیں گے‘ ہائیڈرو ورکرز یونین ملک مین قائم 16 تقسیم کار کمپنیوں‘ جنریشن کمپنیوں‘ این ٹی ڈی سی اور واپڈا کی نجکاری کے خلاف جدوجہد کررہی ہے‘ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری سے ملک میں بے روزگاری کا سونامی آجائے گا جس سے لاقانونیت اور جرائم کی شرح میں اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی بند کرکے نجی بجلی گھروں کو گیس کی سپلائی شروع کردی ہے اور وہاں سے مہنگی بجلی خریدی جارہی ہے جو سمجھہ سے بالاتر ہے‘ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں واپڈا یونین نے مسلسل احتجاج کے بعد واپڈا کی نجکاری کا فیصلہ واپس کرایا تھا اور یونین نے حکومت سے ایک تحریری معاہدہ کیا تھا کہ وہ محکمہ بجلی کی نجکاری نہیں کرے گی‘ موجودہ حکومت پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پچھلے معاہدے کی پاسداری کرے مگر ایسا نہیں ہوسکا‘ عبدالطیف نظامانی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سرمایہ دارانہ سوچ کی حامل ہے‘ گذشتہ ماہ 18 فروری کو بھی اسلام آباد میں واپڈا کی نجکاری کے خلاف واپڈا ہائیڈرو یونین نے احتجاج کیا تھا انہوں نے کہا کہ واپڈا کی نجکاری کے بعد بجلی کے نرخوں میں فرق ہونے سے پانی کی تقسیم کی طرح بین الصوبائی تنازعات پیدا ہوں گے‘ ماضی میں راولپنڈی‘ ملتان‘ روہڑی اور شکار پور میں بجلی کی نجی کمپنیاں ناکام ہوگئی تھیں جسے بعد میں دوبارہ واپڈا کے حوالے کرنا پڑا‘ اسی طرح کراچی کے الیکٹرک بھی عوام کو سہولیات پہنچانے میں ناکام ہے اور حکومت ہی اربوں روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کررہی ہے‘ عبدالطیف نظامانی کا کہنا تھا کہ واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے خلاف 3 مارچ کو واپڈا ملازمین حیسکو ہیڈکوارٹر کے سامنے دھرنا دے کر دفتر کو مکمل طور پر بند کردیں گے جبکہ 4 اور 5 مارچ کو تمام ڈویڑنل دفاتر کی تالابندی کرکے کام چھوڑ ہڑتال کی جائے گی اور دفاتر کے باہر احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے احتجاج کے باوجود نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو ملک بھر کی بجلی بند کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :