شہلا رضا ایوان کی کارروائی کسی قاعدے اور قانون کے تحت نہیں بلکہ کسی ذاتی اوطاق کی طرح چلا رہی ہیں،شہریار مہر

پیر 2 مارچ 2015 17:29

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء ) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہر یارمہر نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا ایوان کی کارروائی کسی قاعدے اور قانون کے تحت نہیں بلکہ کسی ذاتی اوطاق کی طرح چلا رہی ہیں ۔ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء کی غیر سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ وہ ایوان میں کسی چیز کا جواب دینے کے لیے تیار نہیں ۔

پیر کو وقفہ سوالات کے دوران ایک وزیر صاحب نے کہا کہ جس حوالے سے سوال کیا گیا ، اس زمانے میں میں وزیر نہیں تھا ۔ ساری دنیا کو یہ معلوم ہے کہ پیپلز پارٹی گذشتہ سات سال سے سندھ میں برسراقتدار ہے ۔ شہریارمہر نے کہا کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں سندھ حکومت کی کرپشن کے بارے میں بتایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے باوجود وزیر صاحب فرماتے ہیں کہ ثبوت کہاں ہیں ۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہم نے محکمہ اطلاعات سے متعلق یہ سوال دریافت کیا تھا کہ محکمہ اطلاعات میں ہونے والی مبینہ بدعنوانی کے معاملے پر کیا نیب کوئی تحقیقات کر رہا ہے ۔ ایوان میں اس کا جواب بھی نہیں دیا گیا ۔ شہریار مہر نے کہا کہ جب قواعد و ضوابط کی اس طرح خلاف ورزی ہو رہی ہو تو جمہوریت کو تو لازمی طور پر خطرہ لاحق ہو گا ۔ سینیٹ کے انتخابات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں ۔

ہمارے آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے ہیں ۔ ایم کیو ایم ، نواز لیگ اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے درمیان بات چیت جاری ہے ۔ پیر کی شب بھی مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے صدر پیر صدرالدین شاہ راشدی نے اپنی قیام گاہ پر ایک اجلاس بلایا ہے ، جس میں اپوزیشن کے ارکان شریک ہوں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا خطرہ موجود ہے اور مسلم لیگ (فنکشنل) 22 ویں آئینی ترمیم کی حمایت کرتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :