غیر معیاری سی این جی سلنڈرز پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے گی،ممتاز جاکھرانی

پیر 2 مارچ 2015 17:22

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء ) سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز حسین جاکھرانی نے کہا ہے کہ غیر معیاری سی این جی سلنڈرز پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے گی اور اس ضمن میں مسودہ قانون منظوری کے لیے جلد سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ ( فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کے توجہ دلاوٴ نوٹس پر بیان دیتے ہوئے کہی ۔

نصرت سحر عباسی نے کہا کہ غیر معیاری گیس سلنڈرز کی وجہ سے روزانہ بسوں اور کوچز کے حادثات رونما ہو رہے ہیں ۔ حکومت نے اس کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں میں غیر معیاری سلنڈرز لگے ہوئے ہیں ۔ گاڑیوں کی فٹنس کو چیک کرنے کے اختیارات پہلے ٹریفک پولیس کے پاس تھے ۔

(جاری ہے)

اب یہ اختیارات محکمہ ٹرانسپورٹ کو ملے ہیں ۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیاہے ۔ سلنڈرز کی چیکنگ کے کام کو ” آوٴٹ سورس“ کرنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ کسی اچھی فرم سے یہ کام کرایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری سلنڈرز کے استعمال پر پابندی کیلئے سندھ میں قانون سازی بھی کر رہے ہیں ۔ اس ضمن میں جلد مسودہ قانون منظور ی کے لیے سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :