ورلڈکپ میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، مہندراسنگھ دھونی

پیر 2 مارچ 2015 16:44

ورلڈکپ میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، مہندراسنگھ دھونی

پرتھ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر رواں ورلڈ کپ میں اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور ویسٹ انڈیز کو بھی اپنے پول بی کے چوتھے میچ میں شکست دیکر میگا ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے کے اعزاز کو برقرار رکھیں گے۔

بھارتی ٹیم کے قائد دھونی نے کہا کہ ہر میچ کی طرح یہ مقابلہ بھی ہمارے لئے اہم ہے، کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھیں۔ پہلے تین میچوں میں کھلاڑیوں نے کھیل کے تینوں شعبوں میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو مسلسل تینوں میچوں میں کامیابی دلائی ہے، امید ہے کہ کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو مسلسل چوتھی کامیابی دلانے میں کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں رواں ورلڈ کپ کے 28ویں میچ میں 6 مارچ کو پرتھ کے مقام پر پنجہ آزما ہونگی۔ بھارتی ٹیم مسلسل تین میچ جیت کر گروپ بی میں ٹاپ پر موجود ہے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابھی تک چار میچز کھیل چکی ہے اور جس میں اس نے دو میچوں می کامیابی حاصل کی اور دو میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔