Live Updates

آصف زرداری سے ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے ایک نکاتی ایجنڈے پر بات ہوئی لیکن افسوس کوشش ناکام رہی ،عمران خان

پیر 2 مارچ 2015 16:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے ایک نکاتی ایجنڈے پر بات ہوئی جس میں تحریک انصاف ناکام ہوگئی کیونکہ پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام(ف ) ہارس ٹریڈنگ میں مکمل طور پر ملوث ہیں، تحریک انصاف اب سینٹ الیکشن میں مصمم ارادے سے اتر کر پیسوں کے بل بوتے پر سینٹ کو خریدنے والے لوگوں کو شکست دیکر انہیں بے نقاب کرے گی ۔

پیر کے روز جاری ایک بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے صاف و شفاف انتخابات کا عزم لیکر سینٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کا مطالبہ کیا اور جب حکومت نے اس تحریک پر عملدرآمد کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلائی تو تحریک انصاف نے تعاون دکھاتے ہوئے اس مقصد کیلئے اپنے ر ہنماء بھیجے لیکن اس سے یہ ثابت ہوگیا کہ حکومت ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کیلئے آئینی ترمیم لانے کے ارادے میں کبھی بھی سنجیدہ نہیں تھی اور یہ بات بھی اس چیز کی عکاس ہے کہ نواز شریف اب اس اہم موقع پر سعودی عرب کا دورہ کرنے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا کہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے اور اس کی مخالفت کیلئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو قائل کرنے کی ان کی کوشش ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اوپن بیلٹ کی تجویز کو مسترد کیا کیونکہ وہ اور جے یو آئی (ف) مکمل طور پر ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہیں ۔ عمران خان نے واضح کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف نے سینٹ الیکشن کے حوالے سے کسی بھی جماعت سے کوئی معاہدہ کیا ہے اور نہ ہی کبھی ایسا ہوسکتا ہے ۔

عمران خان نے اس عزم کو بھی دوہرایا کہ وہ بذات خود کے پی کی سینٹ کی نشستوں پر تحریک انصاف کے صاف اور شفاف انتخابات کی نگرانی کریں گے اور ہارس ٹریڈنگ میں ملوث افراد کو بے نقاب کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کی نیت کو دیکھتے ہوئے اب تحریک انصاف سینٹ الیکشن میں مصمم ارادے سے اترے گی اور ایسے لوگوں کو ہراکر بے نقابکرے گی جوکہ سینٹ میں پیسوں کے بل بوتے پر خر ید کر آنا چاہتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :