ایف بی آر نے سال 2014ء کی جنرل ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کا فیصلہ آخری وقت پر موخر کردیا

پیر 2 مارچ 2015 13:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء) ایف بی آر نے سال 2014ء کی جنرل ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کا فیصلہ آخری وقت پر موخر کردیا‘ پارلیمنٹرینز ٹیکس ڈائریکٹری کی اشاعت کھٹائی میں پڑگئی‘ ایف بی آر نے جنرل ٹیکس ڈائریکٹری 28 فروری کو شائع کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو اب 21 مارچ کو شائع ہوگی‘ ترجمان ایف بی آر شاہد حسین اسد نے کہا کہ مینوئل ٹیکس گوشواروں کی انٹری نہ ہونے کی وجہ سے ٹیکس ڈائریکٹری بروقت شائع نہ ہوسکی۔

اتوار کے روز ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال 2013-14ء کے دوران ٹیکس وصولیوں کی جنرل ٹیکس ڈائریکٹری اور پارلیمنٹرینز ڈائریکٹری 28 فروری کو شائع کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم گذشتہ سال بھی ٹیکس ڈائریکٹری کی اشاعت پر متعدد حکومتی عہدیداروں‘ سیاستدانوں اور بڑے بڑے سرمایہ داروں نے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا جن کے بے پناہ دباؤ کی وجہ سے ایف بی آر نے جنرل ٹیکس ڈائریکٹری اور پارلیمنٹرینز ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کا فیصلہ موخر کیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جب فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ترجمان شاہد حسین اسد سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال 5.5 لاکھ ٹیکس گوشوارے مینوئل جمع کرائے گئے جن کی کمپیوٹر میں انٹری میں وقت لگتا ہے۔ مینوئل گوشواروں کی انٹری مکمل نہ ہونے کی وجہ سے جنرل ٹیکس ڈائریکٹری بروقت شائع نہیں ہوسکی جو اب 21 مارچ کو شائع ہونے کا امکان ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2014ء کی پارلیمنٹرینز ٹیکس ڈائریکٹری اس کے بعد شائع ہوگی۔ دونوں ٹیکس ڈائریکٹریاں بروقت شائع ہونے کا کوئی امکان نہیں۔

متعلقہ عنوان :