وزیر اعظم نواز شریف نئے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پرکل 3روزہ دورہ پر جائینگے

پیر 2 مارچ 2015 13:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نئے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر کل منگل کو سعودی عرب کے تین روزہ دورہ پر جائینگے ، وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی سعودی عرب جائیگا‘ وزیراعظم تین روزہ دورہ کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ روضہ رسول پر حاضری بھی دیں گے، سرکاری ذرائع کے مطابق نئے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر ہونیوالے اس دورہ کے دوران وزیر اعظم شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے علاوہ دیگر اعلیٰ سعودی قیادت سے دو طرفہ تعلقات خاص طور پر تجارت ، دفاع ، توانائی اور دیگر شعبوں میں فروغ کیلئے بات چیت کریں گے ، سعودی حکام سے اس دورہ کے دوران پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے کوششوں خاص طور پر ملک کے اندر سے انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لئے اقدامات ‘ آپریشن ضرب عضب پر بات ہوگی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی طرف سے سعودی حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ سعودیہ سے نجی سطح پر پاکستان کے مدارس یا تنظیموں کو دی جانے والی امداد کو براہ راست دینے کی بجائے حکومت کے ذریعے دیا جائے۔ وزیراعظم نے اس سے پہلے شاہ عبداللہ کی وفات پر بھی گزشتہ ماہ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور سعودی شاہی خاندان کے درمیان انتہائی قریبی تعلقات ہیں ۔ وزیراعظم تین روزہ دورہ کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ روضہ رسول پر حاضری بھی دیں گے وہ اس دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملیں گے ۔

متعلقہ عنوان :