جدہ: لوک فنکار صادق فقیر کی میت پاکستان منتقلی کے احکامات جاری

پیر 2 مارچ 2015 12:39

جدہ: لوک فنکار صادق فقیر کی میت پاکستان منتقلی کے احکامات جاری

جدہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء ) :سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں انتقال کر جانے والے پاکستانی لوک فنکار صادق فقیر کی میت پاکستان منتقلی کے احکامات جاری ہو گئے۔وزیرِاعظم نواز شریف نے پاکستانی سفارت خانے کو سندھ کے لوک گلوکار صادق فقیر کی میت واپس لانے کی ہدایت کی تھی ،عمرے پر آئے ہوئے پاکستانی صوفی لوک فنکار صادق فقیر دو روز قبل مکہ کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

دوسری جانب ان کے ساتھ ان کی اہلیہ شمیم صادق علی اور ان کے دو قریبی عزیز فقہ علی محمد اور سلطان علی محمد بھی تھے، جو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، صادق فقیر کے انتقال پر تھر میں سوگ منایا جارہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صادق فقیر عمرہ ادائیگی کے دوران اہلخانہ کے ہمراہ عرفات سے واپس آرہے تھے کہ ویگن حادثے کا شکار ہوگئی۔

(جاری ہے)

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں صادق فقیر جاں بحق جب کہ ان کی اہلیہ اور برادرِ نسبتی زخمی ہوگئے۔صادق نے گائیکی کی ابتداء نجی محفلوں سے کی اور بعد میں ریڈیو پاکستان سے شہرت حاصل کی، انہوں نے شاہ عبدالطیف ، صوفی شاہ عنایت کے علاوہ شیخ ایاز، ایاز گل، ادل سومرو ، ڈاکٹر آکاش انصاری اور حلیم باغی جیسے سنجیدہ شعرا کا کلام گایا۔ جب کچھ گلوکار بھارتی دھنوں کی طرز پر گیت گا کر مقبولیت حاصل کر رہے تھے، ایسے میں صادق فقیر نے روزہ رکھ کر اس سے اجتناب برتا اور سنجیدہ شاعری اور خالص دھنوں کا انتخاب کیا۔وزیرِاعظم نواز شریف نے صادق فقیر کی موت کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :