اسلام آباد ہائیکورٹ میں ای او بی آئی کے سابق چیئرمین ظفر اقبال گوندل کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری کیس کی سماعت 6 مارچ تک ملتوی

پیر 2 مارچ 2015 12:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمپلائیز اولڈ بینیفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) کے سابق چیئرمین و مرکزی ملزم ظفر اقبال گوندل کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری کیس کی سماعت 6 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو اضافی دستاویزات دینے کا حکم جاری کردیا۔ پیر کے روز جسٹس نورالحق این قریشی کی عدالت میں ای او بی آئی کے اربوں روپے کے سکینڈل کے مرکزی ملزم ظفر اقبال گوندل کی بعدازگرفتاری درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کی جانب سے سینیٹر وسینئر وکیل فاروق ایچ نائیک جبکہ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل بیرسٹر جہانگیر جدون اور ایف آئی اے کے انسپکٹر عدالت میں پیش ہوئے۔ ابتدائی سماعت کے دوران حکومت وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں درخواست ضمانت منظوری کیلئے ایک نئی درخواست دی گئی ہے جبکہ ایڈیشنل دستاویزات درخواست گزار نے فریقین کو مہیاء نہیں کیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو احکامات جاری کئے کہ ظفر اقبال گوندل کیس میں اضافی دستاویزات حکومتی کو وکیل دئیے جائیں تاکہ درخواست ضمانت بعدازگرفتاری پر دلائل مکمل کئے جاسکیں۔ پیر کے روز ای اوبی آئی کے مرکزی ملزم ظفر اقبال گوندل کی بعداز گرفتاری درخواست ضمانت پر دلائل نہ ہوسکے۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :