ذکی الرحمن لکھوی کی نظربندی حکم نا مہ کیخلاف وفاق اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو نوٹس جاری

پیر 2 مارچ 2015 12:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے تیسری مرتبہ جاری کئے گئے نظربندی کے حکم نامے کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے وفاق اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب داخل کرانے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت تین دن کیلئے ملتوی کردی۔

پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کی جانب سے راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کی تیسری مرتبہ نظربندی کے حکم نامے میں توسیع کی گئی ہے جوکہ غیرقانونی ہے اور حکومت بیرونی دباؤ کی وجہ سے میرے موکل کو رہا نہیں کررہی۔

(جاری ہے)

آج عدالت میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی طرف سے 13 فروری 2015ء کو جاری کئے گئے حکم نامے کی مدت میں توسیع کرنے کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پہلے بھی ملزم کے نظربندی کے احکامات جاری ہوئے تھے جسے چیلنج کیا گیا تھا جبکہ تیسری مرتبہ بھی نظربندی کے حکم نامے میں توسیع کرنے کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعاء کی کہ میرے موکل کے کیس کی جلد سماعت کی جائے کیونکہ ایک ہفتے بعد کیس کی سماعت ہوگی تو وفاق کی جانب سے تاخیری حربے اختیار کئے جائیں گے اور مزید نظربندی میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے وفاق اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو جواب داخل کرانے کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔