نیب نے سیکرٹری داخلہ کے بطور ایم ڈی پولیس فاؤنڈیشن اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے پلاٹ کے حصول ، ساڑھے چار کروڑ میں فروخت کرنے کے سکینڈل کا جائزہ لینا شروع کردیا، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا میڈیا رپورٹس پر نوٹس

اتوار 1 مارچ 2015 21:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مارچ۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سیکرٹری داخلہ شاہد خان کے بطور ایم ڈی پولیس فاؤنڈیشن اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے پلاٹ حاصل کرکے ساڑھے چار کروڑ روپے میں فروخت کرنے کے سکینڈل کا جائزہ لینا شروع کردیا‘ نیب پہلے ہی پولیس فاؤنڈیشن کے سابق ایم ڈی خواجہ خالد فاروق کی طرف سے مبینہ طور پر اپنے رشتہ داروں میں ایم ڈی کی حیثیت سے آخری روز 35 پلاٹ الاٹ کرنے کی شکایت کی تحقیقات کررہا ہے قبل ازیں نیب نے (ن) لیگ کے سابق ایم این اے انجم عقیل کے پولیس فاؤنڈیشن سے 5 ارب کے فراڈ کی بھی تحقیقات کرکے انجم عقیل کو اس میں ملزم قرار دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نیب کی اعلی شخصیت نے نیب کے لیگل اور انوسٹی گیشن ونگز سے ٹھوس شواہد اور پولیس فاؤنڈیشن کے قواعد کی خلاف ورزی کے حوالے سے رپورٹس طلب کی تھیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری داخلہ شاہد خان پر الزام ہے کہ انہوں نے سیکرٹری داخلہ کی حیثیت سے بطور چیئرمین پولیس فاؤنڈیشن اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے فاؤنڈیشن سے پلاٹ حاصل کیا اور چند روز کے اندر اندر اسے ساڑھے چار کروڑ روپیمیں فروخت کردیا۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے میڈیا میں آنے والی رپورٹس کا وزیراعظم نواز شریف نے بھی نوٹس لیا ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان جو سیکرٹری داخلہ کو عمران خان کے الزامات پر کئی بار انتہائی ایماندار قرار دے چکے ہیں وہ بھی سیکرٹری داخلہ بارے اس سکینڈل کی میڈیا رپورٹس پر ”اپ سیٹ“ ہیں۔