نواز لیگ کی حکومت بائیسویں ترمیم پر اتفاق رائے پیدا کرے‘ ہم نے اپنے دور حکومت میں 104 ترامیم کیں جن میں اٹھارہویں اور انیسویں ترامیم شامل ہیں‘ وہ تمام اتفاق رائے سے کی گئیں، ہمارا موقف یہ ہے کہ ایسی ترامیم لائی جائیں تاکہ کل کوئی ان پر انگلی نہ اٹھا سکے‘ صاف شفاف الیکشن کیلئے ایسی انتخابی اصلاحات کی جائیں جن پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے،پیپلزپارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی خان گڑھ میں صحافیوں سے بات چیت

اتوار 1 مارچ 2015 20:59

خان گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مارچ۔2015ء) پیپلزپارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی حکومت بائیسویں ترمیم پر اتفاق رائے پیدا کرے‘ ہم نے اپنے دور حکومت میں 104 ترامیم کیں جن میں اٹھارہویں اور انیسویں ترامیم شامل ہیں‘ وہ تمام اتفاق رائے سے کی گئیں۔ ہمارا موقف یہ ہے کہ ایسی ترامیم لائی جائیں تاکہ کل کوئی ان پر انگلی نہ اٹھا سکے‘ صاف شفاف الیکشن کیلئے ایسی انتخابی اصلاحات کی جائیں جن پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔

وہ اتوار کو یہاں پی پی راہنماء نوابزادہ افتخار احمد خان کی طرف سے دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ممبران کو عوام نے منتخب اور ان پر اعتماد کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہیں اسمبلی میں رہنا اور جانا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائنز منصوبہ اور گوادر پورٹ پیپلزپارٹی کی حکومت کے میگا پراجیکٹ ہیں۔

اگر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل نہ کیا گیا تو اس سے ملک کو بڑا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ میں معدنیات کا نکل آنا خوش آئند ہے۔ پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی ملک کے ہمسایہ ممالک سے تعلقات برابری کی بنیاد پر اور باہمی تعاون و احترام اور مفاد کے تحت ہونے چاہئیں۔

یکطرفہ عنایات نقصان دہ ہوسکتی ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ہم نے ایران‘ افغانستان اور سنٹرل ایشیائی ممالک کیساتھ تعلقات کو بہتر بنایا۔ سینٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی کو جب بھی موقع ملا جنوبی پنجاب کو نمائندگی دی۔ اب ہماری اکثریت نہیں ہے اسلئے مجبوری ہے۔ پیپلزپارٹی بھی اس خطے کو نہیں بھولتی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جنوبی پنجاب ڈاکٹر جاویدصدیقی‘ خواجہ رضوان عالم‘ سابق ایم پی اے ارشاد حسین سیال‘ نوابزاد عمران احمد خان و دیگر نے شرکت کی۔