یکساں نصاب و نظام تعلیم سے پاکستان امن کا گہوارہ اور ترقی یافتہ بن سکتا ہے‘ مولانا محمد زاہد ہاشمی

مدارس نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں‘ فرقہ واریت دشمن کی سازش تھی‘ وفود سے گفتگون

اتوار 1 مارچ 2015 18:52

لاہور(اردو پوائنٹ۔تازہ ترین اخبار .1 مارچ 2015) جماعت غرباء اہلحدیث پنجاب کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد زاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ مدارس نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ فرقہ واریت دشمن کی سازش تھی۔ یکساں نصاب و نظام تعلیم سے پاکستان امن کا گہوارہ اور ترقی یافتہ بن سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی خاں، رحیم یار خاں، خانیوال، مظفر گڑھ سے آئے ہوئے وفود سے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف 21ویں ترمیم پر عملدرآمد کا انتظار کر رہی ہے۔ تکفیری گروہ مسلمانوں کا قتل عام اور اسلام کو بدنام کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور عالمی طاقتیں انہیں ہر قسم کے وسائل فراہم کر رہی ہیں۔ جنرل سیکرٹری جماعت غرباء اہلحدیث پنجاب نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور نڈر باصلاحیت پاک آرمی کی بدولت کوئی دشمن براہ راست پاکستان پر حملہ نہیں کر سکتا لیکن اندرونی انتشار پھیلا کر قوم کو لسانی، مذہبی، صوبائی اور قومیت کے نام پر تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کا واحد حل یہ ہے کہ ہم مدینہ والی سرکار آقائے نامدار حضرت محمد مصطفی کی سنت کو مضبوطی سے تھام لیں۔ قرآن پاک کو اپنا دستور بنا لیں تو کسی میں جرات نہیں ہو سکتی کہ وہ ہمارے اثاثوں اور شہ رگ پر قبضہ کر سکے۔ مولانا محمد زاہد ہاشمی نے کہا کہ (ن) لیگ اقتدار سے زیادہ عوام کی توقعات اور امیدوں کے مطابق خود ساختہ مہنگائی پر قابو پائے۔ کرپشن سے پاک نظام بنائے اور روزگار عام اور میرٹ سسٹم بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترقیاتی کاموں پر حکومت پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں مگر وزیراعلیٰ پنجاب تھانہ کلچر، پٹواری کلچر اور بیوروکریسی کلچر بھی تبدیل کریں۔ غریبوں کیلئے اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں کم اور ملاوٹ سے پاک فراہمی کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :