فیصل آباد،موسم کی تبدیلی ،بہار کی آمد، دن بھر ہونے والی بارش نے موسم کو پھر سرد کر دیا

اتوار 1 مارچ 2015 18:22

فیصل آباد(اردو پوائنٹ۔تازہ ترین اخبار .1 مارچ 2015) موسم کی تبدیلی ،بہار کی آمد، دن بھر ہونیوالی بارش نے موسم کو پھر سرد کر دیا، رم جھم برستی بوندوں سے سیروتفریح کیلئے آنیوالی فیملیز لطف اندوز ہوتی رہیں۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں ہونیوالی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

(جاری ہے)

ملک کے تیسرے بڑے شہر اور گردونواح میں لوگوں نے سہانے موسم سے لطف اندوزہونے کے لئے پارکوں کا رخ بھی کیا اور اتوار کی چھٹی ہونے کے باعث بچوں کی بڑی تعداد بھی تفریحی مقامات پر موجود رہی، ہفتہ وار چھٹی اور بارش نے شہریوں کے لئے نوید مسرت کا کام دکھایا اور فیصل آباد کے تفریحی مقامات اور پارکوں میں شہریوں کا رش رہا، لوگ اس موقع پر رم جھم برستی بوندوں سے بھرپور لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔

تفریحی مقامات اور پارکوں میں سہانے موسم اور اتوار کی چھٹی کے باعث پہنچنے والی فیملیز اپنے ساتھ رنگ برنگے غبارے اور کھیلوں کا مختلف سامان لئے کھیل کو د میں مصروف نظر آئیں۔ اس موقع پر لوگ موسم کی مناسبت سے کھانے پینے کا سامان بھی ساتھ لے کر آئے تھے اور انہوں نے سارا دن ہفتہ وار چھٹی اور سہانے موسم کو خوب انجوائے کیا۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ منگل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :