ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے،بیگم خالدہ منصور

اتوار 1 مارچ 2015 18:21

فیصل آباد(اردو پوائنٹ۔تازہ ترین اخبار .1 مارچ 2015)سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ ( ن ) خواتین ونگ ایم این اے بیگم خالدہ منصور نے کہا ہیملک میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی ضروری ہے‘ ملک میں امن وامان کے قیام اورتاجر و صنعتکار طبقے کو سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات عمل میں لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے ملک کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا ہے لیکن وزیراعظم محمدنوازشریف کی سیاسی بصیرت ، تدبر، دلیرانہ قیادت اور قومی قیادت کے جرأتمندانہ فیصلوں سے ملک سے دہشت گردی کا قلع قمع کرنے میں ضرورکامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ پرامن معاشرے کی تشکیل کے لئے رواداری ، تحمل اور اخوت کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ عوام کے مثالی اتحاد و یگانگت کی بدولت دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے اور آگ اور خون کی ہولی کھیلنے والے درندوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی ہمدردیاں میاں برادران کے ساتھ ہیں کیونکہ مسلم لیگ (ن) تاجر دوست جماعت ہے اورتاجروں کی فلاح و بہبود کے لئے مثالی اقدامات عمل میں لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو بدامنی اور دہشت گردی سے پاک کرنے کے لئے تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ ہماری آپس کی لڑائی سے ملک دشمن عناصر کو تقویت ملتی ہے اور وہ اپنا کھیل کھیلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔