لاہور اور اسلام آباد میں بوندا باندی ، جاتی سردی پھر لوٹ آئی

ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ، دلفریب موسم نے شہریوں کی چھٹی کا لطف دوبالا کر دیا

اتوار 1 مارچ 2015 17:42

لاہور (اردو پوائنٹ۔تازہ ترین اخبار .1 مارچ 2015 ) موسم نے لی انگڑائی ، جاتی سردی واپس لوٹ آئی۔ لاہور اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں اتوار کو وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔ دلفریب موسم نے شہریوں کی چھٹی کا لطف دوبالا کر دیا۔ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ، جاتی سردی واپس لوٹ آئی۔ اتوار کو اسلام آباد ، راولپنڈی اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے رم جھم کا سلسلہ جاری رہا ۔

آسمان سے گرتی بوندوں نے شہر اقتدار کے ہر منظر کو نکھار دیا۔ بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوا نے موسم کو اور بھی حسین بنا دیا۔

(جاری ہے)

لاہور ، سرگودھا ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ سمیت بالائی پنجاب کی فضاوٴں پر بھی کالی گھٹاوٴں کا راج رہا۔ وقفے وقفے سے بوندا باندی نے خنکی میں اضافہ کر دیا۔ ملتان میں بھی ہلکی بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے ، خوبصورت موسم نے چھٹی کا لطف دوبالا کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشوں کا سلسلہ کل منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ ہزارہ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی موسلا دھار بارش اور کہیں کہیں ڑالہ باری ہوگی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مکران ، حیدر آباد ، اور میر پور خاص میں بھی رم جھم کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :