سعودی عرب کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے بھرپور کردار ادا کرے،عبدالرشید ترابی

بھارت نے افضل گرو کو اس لیے شہید کر دیا کہ وہ بھارت میں اجتماعی ضمیر کو مطمئن کرنا چاہتا تھا،استقبالیہ تقریب سے خطاب

اتوار 1 مارچ 2015 17:30

دمام(اردو پوائنٹ۔تازہ ترین اخبار .1 مارچ 2015) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی وجہ سے سعودی عرب اسلامی ممالک اور دو ارب سے زائد مسلمانوں کا روحانی مرکز ہے وہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے بھرپور کردار ادا کرے،سعودی عرب نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے اور OICکے پلیٹ فارم سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو پیدائشی حق دلانے کی حمایت کی ہے جس پر اہل کشمیر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں سعود ی عرب اور اس کے اداروں نے متاثرین زلزلہ ،متاثرین سیلاب کی تاریخ ساز مدد کی ہے اور لاکھوں کشمیریوں اور پاکستانیوں کو روزگار فراہم کیا ہے سعودی عرب میں مقیم کشمیری یہاں کے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر سفیر بن کر اپنا کردار ادا کریں ان خیالات کااظہار انہوں نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارت نے افضل گرو کو اس لیے شہید کر دیا کہ وہ بھارت میں اجتماعی ضمیر کو مطمین کرنا چاہتا تھا تو عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ 2ارب مسلمانوں کے اجتماعی ضمیر کو مطمین کرنے کے لیے 5لاکھ کشمیریوں کو شہید کرنے کی پاداش میں بھارت کے لیے بھی سزاد تجویز کریں بھارت نے بے گناہ افضل گرو سمیت 5لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا ہے عالمی عدالت انصاف ،اقوام متحدہ ،یورپی یونین،OICاور عرب لیگ کی ذمہ داری ہے کہ وہ 5لاکھ کشمیریوں کے قاتل کو کٹہرے میں لائے ،کشمیری اپنے حق کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جائز جدوجہد کررہے ہیں تقسیم بر صغیر کے موقع پر یہ فیصلہ ہوا تھا کہ مسلم اکثریتی علاقے پاکستان کے ساتھ شامل ہوں گے اور ہندو اکثریت کے علاقے ہندوستان کے ساتھ شامل ہوں گے اس فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے کشمیر پر جبراً قبضہ کیا اور تب سے کشمیری اپنے حق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کشمیر اور فلسطین میں بد ترین ریاستی دہشت گردی کے مرتکب ہو رہے ہیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہے ہیں اصل کشمیریوں اور فلسطینیوں کو نکال کر باہر سے بستیاں آباد کی جا رہی ہیں القدس کو شدید خطرات لاحق ہیں اور تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قبلہ اول کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمران اور عوام ایک صفحے پر آجائیں تو یہ دنیا کی ناقابل تسخیر سپر پاور بن سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیری مکمل آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ا س کے لیے آزاد خطے میں حقیقی تبدیلی وقت کا تقاضا ہے آزاد کشمیر کے حکمرانوں نے نا اہلی کا ثبوت دیا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں کشمیری وطن سے دور دھکے کھانے پر مجبور ہیں آزاد خطے کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے مالا مال کیا اگر ان وسائل کو درست انداز سے برؤ کار لایا جائے تو یورپ سے لوگ نوکری کے لیے کشمیر کا رخ کر سکتے ہیں لیکن بد قسمتی سے ہماری قیادت نے وہ سارے مواقعے ضائع کیے اور اب بھی کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کشمیر میں صرف قدرتی بہاؤ پر دریاوں میں ٹربائن لگائیں جائیں تو کئی ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو سکتی ہے اسی طرح جنگلات ،معدنیات کو برؤکار لا کر بے روزگاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

#/s#