ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج کئے گئے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ (کل) اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کی جا ئے گی

اتوار 1 مارچ 2015 16:56

اسلام آباد(اردو پوائنٹ۔تازہ ترین اخبار .1 مارچ 2015) ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج کئے گئے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ (کل) پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاق کے وکیل پیش کریں گے۔ درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوں گے۔ جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ گذشتہ سماعت پر وفاق کے وکیل نے بیرسٹر جہانگیر جدون نے ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج کئے گئے مقدمات کی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کیلئے مہلت طلب کی تھی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزارت داخلہ کو احکامات جاری کئے جائیں کہ ملزم کیخلاف چاروں صوبوں میں درج مقدمات کی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے اور عدالتی احکامات کے بغیر ملزم کیخلاف کوئی مقدمہ درج نہ کیا جائے۔ گذشتہ سماعت پر وفاق کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ چاروں صوبوں کے ہوم سیکرٹریز کو خطوط جاری کردئیے ہیں لیکن جواب موصول نہیں ہوا جس کی بناء پر عدالت نے ملزم کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کیلئے مہلت دی تھی۔

متعلقہ عنوان :