پنجاب حکومت سکول ایجوکیشن کی ترقی پر 28ارب روپے خرچ کر رہی ہے‘انجینئر قمر الاسلام راجہ

فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے 16لاکھ بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اگلے دو سال میں تعداد ڈبل ہو جائیگی

اتوار 1 مارچ 2015 15:57

لاہور( اردو پوائنٹ۔تازہ ترین اخبار .1 مارچ 2015 ) چیئرمین پنجاب ایجوکیشن کمیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب تعلیم کو ہر بچے کی دہلیز پر پہنچانے کے لیے کوشاں ہے اور اس حوالے سے رواں مالی سال کے دوران سکول ایجوکیشن کے ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 28ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں،8ارب روپے سکولوں میں عدم دستیاب تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کے لیے مختص ہیں،تعلیمی بجٹ سے صوبے کے مختلف دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملی ہے جس سے آج کا طالب علم ملک کے لیے قیمتی سرمایہ بنے گا ۔

یہ بات چیئرمین انہوں نے کلر سیداں کے علاقہ چوک پنڈوری میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے نئے سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی ۔

(جاری ہے)

قمر الاسلام نے کہا کہ تعلیم سے انسانی تقدیر بدلتی ہے ۔ ہم فروغ تعلیم سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے چراغ جلائیں گے ۔ ہم نے طالب علموں کو جدید تعلیم دے کر ملک کی خوشحالی کی ابتدا ء کر دی ہے کیونکہ طالب علم ہم سب کا بہترین سرمایہ ہے جس سے پورے معاشرے کو فائدہ پہنچتا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب پرائمری و ایلیمنٹری سکولوں کی اگلے درجے میں منتقلی پر ایک ارب 80کروڑ روپے جبکہ نئے پرائمر ی سکولوں کے قیام پر 60کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔ اس سے سکول ایجوکیشن کا دائرہ وسیع ہوا ہے اور طالب علموں کو اپنے گھروں کے نزدیک علم حاصل کرنے کا موقع ملا ہے ۔ اس سے گرلز ایجوکیشن میں بھی وسعت آئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے 16لاکھ بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ اگلے دو سال میں یہ تعداد ڈبل ہو جائے گی۔ تقریب سے سکول پرنسپل نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :