سپریم کورٹ میں (کل ) سے شروع عدالتی ہفتہ میں مقدمات کی سماعت کے لئے 5 بینچ تشکیل،5 بنچز میں سے 4 اسلام آباد جب کہ ایک پشاور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرے گا

اتوار 1 مارچ 2015 13:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مارچ۔2015ء) سپریم کورٹ میں (کل ) پیر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ میں مقدمات کی سماعت کے لئے 5 بینچ تشکیل دے دیئے گئے ۔چیف جسٹس ناصر الملک کی جانب سے تشکیل دیئے گئے 5 بنچز میں سے 4 اسلام آباد جب کہ ایک پشاور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرے گا۔ اسلام آباد میں سماعت کرنے والا پہلا بینچ چیف جسٹس ناصر الملک، جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز احمد چوہدری پر مشتمل ہے، دوسرا بینچ جسٹس جواد ایس خواجہ،جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس مقبول حسین باقر پر مشتمل ہے جو اصغر خان کیس کے فیصلے خلاف اسد درانی مرزا اور اسلم بیگ سمیت دیگر کی اپیلوں، وزیراعظم کے صوابدیدی فنڈز کے استعمال اور بلوچستان کے لاپتہ افراد اور اجتماعی قبروں کی دریافت سے متعلق درخواست کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کا تیسرا بینچ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ،جسٹس مشیرعالم اور جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل ہے جو کہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف مولوی اقبال حیدر کی طرف سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کریگا۔عدالت عظمیٰ کا چوتھا بینچ جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس قاضی فائز عیسی پر مشتمل ہے۔ پشاور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرنے والا ڈویژن بینچ جسٹس انورظہیر جمالی اور جسٹس شیخ عظمت پر مشتمل ہے۔