الیکشن 2013 ءمیں دھاندلی ہوئی تو ذمہ دار نگران حکومت ہے مسلم لیگ ن نہیں ، جلد مسئلے کا حل نکال لیں گے : سیاسی جرگہ

اتوار 1 مارچ 2015 11:45

الیکشن 2013 ءمیں دھاندلی ہوئی تو ذمہ دار نگران حکومت ہے مسلم لیگ ن نہیں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔1مارچ۔2015ء) حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے سیاسی جرگے اور حکومتی رکن اسحاق ڈار کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیاسی جرگے کے کنونیئر رحمان ملک نے کہا ہے کہ اگر الیکشن 2013 ءمیں دھاندلی ہوئی ہے تو اس کی ذمہ داری نگران حکومت پر عائد ہوتی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جرگے کی کوشش ہے کہ جلد از جلد جوڈیشل کمیشن قائم کر لیا جائے تاکہ وہ کمیشن طے کرے کہ دھاندلی ہوئی ہے کہ نہیں۔رحمان ملک کا مزید کہنا تھا کہ قوم منتظر ہے کہ کہ اس ڈیڈ لاک کا خاتمہ کیسے ہو گا جبکہ ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ جلد اس معاملے کا حل نکال لیا جائے گا۔سیاسی جرگے کے دوسرے رکن اور جماعت اسلامی کے امیر سراز الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے خط کا جوا بھیج دیا گیا ہے جبکہ اس خط کا جائزہ لے کر فریقین کو سیاسی جرگے کی جانب سے تجاویز دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد اس مسئلے کا حل نکلے اور حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ڈیڈ لاک کا خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ سیاسی جرگے کی کوشش ہے کہ جمہوری عمل میں تسلسل قائم رہے اور تحریک انصاف جلد اسمبلیوں میں واپس آ جائے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکومت کی نمائندگی کرنے والے وفاقی وزیر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سیاسی جرگے کے اراکین کی سوچ مثبت ہے جبکہ ان کی آمد پر وہ جرگے کے اراکین کے مشکو ربھی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جرگے کی جانب سے بھیجے گئے خط کا تفصیلی جواب دے دیا ہے۔جبکہ حکومت بھی جرگے کے ڈرافٹ کی روشنی میں کمیشن کا فیصلہ چاہتے ہیں۔