آئی سی سی ورلڈکپ ، گھر کے بھارتی شیر کمزور یو اے ای کی ٹیم پر ٹوٹ پڑے ، یکطرفہ مقابلے میں 9وکٹوں سے ہرادیا

ہفتہ 28 فروری 2015 16:55

آئی سی سی ورلڈکپ ، گھر کے بھارتی شیر کمزور یو اے ای کی ٹیم پر ٹوٹ پڑے ..

پرتھ(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔28 فروری 2015) آئی سی سی ورلڈکپ میں گھر کے بھارتی شیر کمزور متحدہ عرب امارات کی ٹیم پر ٹوٹ پڑے ، یکطرفہ مقابلے میں 9وکٹوں سے ہرادیا، یو اے ای کی پوری ٹیم 32 اوور میں 102 رنز پر ڈھیر ،رواں ورلڈکپ کا کم ترین سکور،شیمان انور 35 رنز بنا کر نمایاں ،عرب امارات کے 8بلے باز ڈبل فگرمیں داخل نہ ہوسکے، روی چندرن ایشون کی 4 ،امیش یادیو اور رویندرا جدیجا کی 2،2 وکٹیں، بھارت نے مطلوبہ ہدف 18.5اوورزمیں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا،روہیت شرما 57اور ویرات کوہلی 33رنز بناکر ناٹ آؤٹ ،متحدہ عرب امارات کی جانب سے واحد وکٹ محمد نویدنے حاصل کی۔

بھارت کے روی چندرن ایشون کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ہفتہ کو یہاں پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن گراوٴنڈ میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے گروپ بی کے میچ میں متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لئے غلط ثابت ہوا اور یو اے ای کی پوری ٹیم 32 اوور میں 102 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

(جاری ہے)

یہ اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا جانے والا اب تک کا سب سے کم ترین سکور ہے۔

عرب امارات کے 8بلے باز ڈبل فگرمیں داخل نہ ہوسکے ، یو اے ای کا کوئی کھلاڑی بھارتی بولروں کے آگے زیادہ دیر تک نہ ٹک پایا اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی پویلین چلتے بنے، متحدہ عرب امارات کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے شیمان انور تھے 35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں امجد علی 4، اندری بیرینجر 4، کرشنا چندرن 4، خرم خان 14، سواپنل پٹیل 7، روہان مصطفیٰ 2، امجد جاوید 2، محمد نوید 6 اور محمد توقیر ایک رن بناکر آوٴٹ ہوئے۔

انھوں نے منجولا گروج کے ساتھ مل کر آخری وکٹ کے لیے 31 رنز کی اہم شراکت بھی بنائی۔اماراتی بلے باز وہ کارکردگی نہ دکھا سکے جس کا مظاہرہ انھوں نے آئرلینڈ کے خلاف میچ میں کیا تھا۔بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔یہ ایک روزہ کرکٹ میں ان کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔ امیش یادیو اور رویندرا جدیجا نے 2،2 جب کہ بھونیشور کمار اور موہت شرما نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف 18.5اوورزمیں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں 103 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کو پہلا جھٹکا لگا جب بائیں ہاتھ کے اوپنر شیکھر دھون آؤٹ ہوگئے ، شیکھر دھون نے تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے ، انہیں روحان مصطفیٰ نے محمد نوید کی گیند پر کیچ آؤٹ کیا ۔روہیت شرما 57اور ویرات کوہلی 33رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے واحد وکٹ محمد نویدنے حاصل کی۔بھارت کے روی چندرن ایشون کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :