رحیم یارخان، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر جاوید احمد کا سبزی و فروٹ مارکیٹ کا دورہ

ہفتہ 28 فروری 2015 16:06

رحیم یارخان(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔28 فروری 2015)اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر جاوید احمد کا سبزی و فروٹ مارکیٹ کا دورہ، سبزیوں و فروٹ کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا۔سبزی و فروٹ مارکیٹ میں دوکانداروں کی جانب سے تجاوزات قائم کرنے پر برہمی کا اظہار سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو فوری طور پر تجاوزات ختم کرانے کی ہدایت۔تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر جاوید احمد نے سبزی و پھل کے نرخوں و نیلامی کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے ڈی او لیبر عمران حیدر ٹیپو، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی فاروق احمد و دیگر کے ہمراہ سبزی وپھل مارکیٹ کا دورہ کیا اس موقع پر صدر سبزی و فروٹ مارکیٹ چوہدری محمد امین بھی موجو دتھے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے سبزیوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ نیلامی کوصاف و شفاف بنایا جائے اور عوام کو معیاری سبزی و پھل مناسب نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سبزی و پھل مارکیٹ میں آنے والے خریداروں کی سہولت کے لئے سبزی منڈی عہدیداران کے تعاون سے سبزی و پھل فروخت کرنے والوں کی حد بندی کی جائے تاکہ وہ سڑک کے درمیان میں بیٹھ کر اپنی اشیاء کی فروخت نہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے اور ان کے اوزان اچانک چیک کئے جائیں تاکہ صارفین کا استحصال نہ ہو سکے۔اس موقع پر صدر سبزی و فروٹ مارکیٹ چوہدری محمد امین نے یقین دہانی کرائی کے سبزی و پھل کے سٹالز کو پیچھے کر کے سڑکوں کو کشادہ کیا جائے گا۔