نیشنل بنک کی فی حصص آمدنی 2.59 روپے سے بڑھ کر 7.06 روپے تک پہنچ گئی

ہفتہ 28 فروری 2015 15:16

کراچی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔28 فروری 2015)نیشنل بنک آف پاکستان کی فی حصص آمدنی 2.59 روپے سے بڑھ کر 7.06 روپے ریکارڈ کی گئی، سودی آمدنی میں16فیصد اضافہ ہوا جبکہ ڈپازٹس 12فیصدبڑھ کر 1234ارب روپے ہوگئے۔نیشنل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گزشتہ روز ایک اجلاس میں گروپ کی کارکردگی کا جائزہ لیااور سال 2014کیلئے فی حصص ساڑھے 5 روپے منافع کی ادائیگی کی منظوری دیدی ہے ، یہ منافع حصص کی قیمت کے لحاظ سے 55فیصد ہے۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں منظور شدہ منافع منقسمہ حصص یافتگان کے سالانہ اجلاس عام میں حتمی منظور ی کیلئے پیش کیا جائے گا۔ نیشنل بینک کی جانب سے منظور کیا جانے والا منافع منقسمہ پاکستان میں بینکنگ کی تاریخ کا ادا کیا جانے والا سب سے زیادہ منافع ہے۔اجلاس میں پیش کیے گئے حسابات کے مطابق نیشنل بینک کی کارکردگی 2014 میں بہترین رہی اور اس کی گزشتہ سال کے لیے قبل از ٹیکس منافع کی رقم 22 ارب روپے پر پہنچ گئی جو اس سے گزشتہ سال کے مقابلے میں 211 فیصد زائد ہے ،اس منافع پر بینک نے حکومت پاکستان کو7ارب روپے کا خطیر ٹیکس ادا کیا،ٹیکس کی ادائیگی کے بعد بینک کا منافع 15 ارب روپے تھا۔

(جاری ہے)

نیشنل بینک کی بہترین کارکردگی کی بنا پر بینک کی آمدنی فی حصص 2013 میں2.59 روپے سے بڑھ کر 7.06 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ بینک کی سود کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 16فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ بڑھ کر 44.2 ارب روپے ہوگئے ، بینک کی غیرسودی آمدنی میں 23 فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 31.5 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے۔ اس عرصے میں نیشنل بینک کے ڈپازٹ میں12فیصد اضافہ ہوا جو 1101 ارب روپے سے بڑھ کر 1234 ارب روپے پر پہنچ گئے۔اس عرصے میں بینک کے کرنٹ اور سیونگ اکاوٴنٹ کا تناسب 69 فیصد سے بڑھ کر 72 فیصد ہوگیا۔