سینیٹ الیکشن کے موجودہ بحران پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا اظہار تشویش

ہفتہ 28 فروری 2015 13:24

کراچی(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔28 فروری 2015 ) سینیٹ الیکشن کے موجودہ بحران پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس کے نام خط لکھا ہے جس میں سپریم کورٹ سے صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔لندن سے جاری بیان کے مطابق، الطاف حسین نے سینیٹ کے الیکشن سے پیدا ہونے والے بحران پر تشویش اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ایم کیوایم کے قائد نے کہا ہے کہ آئین کی سرپرست سپریم کورٹ ملک کو درپیش صورتحال سے بچانے کے لیے آگے آئے۔الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن پر آئینی ترمیم لانے کی کوشش کی گئی تو عددی نمبروں کے باعث معاملہ حل ہونے کے بجائے مزید بگڑجانے کا خدشہ ہے۔ایم کیوایم قائد نے امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی۔

(جاری ہے)

بولے داعش اور طالبان کے حملوں اور دھمکیوں نے ملک کو حالت جنگ کی جانب دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے کے باوجود پاکستان میں کمر توڑ مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قلت عوام کی مشکلات بڑھا رہی ہے۔ایم کیوایم کے قائد کا کہنا تھا بجلی اور گیس کے بحران کے باعث صنعتیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ حالات بہتر بنانے کے لیے سپریم کورٹ خصوصی کمیشن بنائے۔ جو ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے کردار ادا کرے۔