”گرین و کلین سٹی مہم “کے دوران شہر کے تمام سیوریج پمپنگ اسٹیشنز کوخصوصی طورپر رواں رکھا جائے ،ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایت

جمعہ 27 فروری 2015 23:24

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ قطب الدین شیخ نے کہا ہے کہ وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر ”گرین و کلین سٹی مہم “کے دوران شہر کے تمام سیوریج پمپنگ اسٹیشنز کوخصوصی طورپر رواں رکھا جائے ، شہر کے کسی بھی علاقہ میں اوور فلو کو برداشت نہیں کیا جائیگا لہٰذا فیلڈ افسران ذمہ داری سے مانیٹرنگ سسٹم کے تحت سیوریج سسٹم پر بھی خصوصی توجہ دیں ، اور کسی بھی جگہ لیکیجز ہوں ان کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرالی جائے ،یہ ہدایات انہوں نے کلفٹن (سیوریج ) پمپنگ ہاوٴس کے دورہ کے موقع پر دیں ، چیف انجینئر سیوریج امجد حبیب سپرنٹنڈنگ انجینئر جنوبی محمد عارف خان سپرنٹنڈنگ انجینئر سیوریج قیصر علی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے،ایم ڈی واٹربورڈ قطب الدین شیخ نے اس موقع پر نہ صرف کلفٹن پمپنگ ہاوٴس بلکہ زیر تعمیر نیو کلفٹن سیوریج پمپنگ اسٹیشن کا دورہ بھی کیا ، موجودہ پمپنگ اسٹیشن کلفٹن کی گھریلو سیوریج میں اضافہ کے باعث نئے سیوریج پمپنگ اسٹیشن کی اشد ضرورت تھی لہٰذا واٹربورڈ نے اس منصوبہ کا آغاز کیا انہوں نے نئے زیر تعمیر پمپنگ اسٹیشن کے جاری سول ورک کا معائنہ کیا اور اطمینان ظاہر کیا انہوں نے کہا کہ تعمیرا تی کام میں معیار کو برقرار رکھا جائے اور منصوبہ کی جلد تکمیل کو ممکن بنایا جائے ، انہوں نے کہا کہ ”گرین و کلین سٹی “مہم کے دوران تمام ایگزیکٹیو انجینئرز انے علاقوں میں سیوریج سسٹم کو لازمی بحال رکھیں ازخود دورہ کریں اور جہاں کہیں بھی اوور فلو ہو ،اس کی درستگی اور لیکیجز کی مرمت کے علاوہ سیوریج کے پانی کی فوری نکاسی کریں ، کسی بھی سڑک پر سیوریج اوور فلو نہیں ہونا چاہئے تاکہ حالیہ مہم کے مقاصد پورے ہوں ،انہوں نے کہا کہ شہر کے کسی بھی علاقہ میں خواہ وہ واٹربورڈ کے زیر انتظام نہ ہو سیوریج کے پانی کی نکاسی کو لازمی بنایا جائے اور متعلقہ اداروں بشمول بلدیہ عظمیٰ کراچی ، ضلعی میونسپل کرپوریشنز کے ساتھ تعاون کیا جائے،دریں اثناء چیف انجینئر سیوریج امجد حبیب نے ایم ڈی واٹربورڈ کو شہر کے تمام سیوریج پمپنگ اسٹیشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور سیوریج سسٹم پر تبادلہ خیالات کیا اور اس سلسلہ میں ہدایات بھی دیں ، یہ دورہ گرین و کلین سٹی کے دوران نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کی غرض سے کیا گیا۔