سرد علاقوں کے کاشت کار سبزیاں کاشت کرنے کے لئے ٹنل فارمنگ کو بروئے کار لائیں اس سے ان کی پیداوار میں 4اورآمدن میں 8 گناء تک اضافہ ہوگا،

زرعی تحقیقاتی ادارہ بلوچستان میں سبزیات کے ڈائریکٹر بشیر احمد بنگلزئی کابیان

جمعہ 27 فروری 2015 19:19

کوئٹہ ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) زرعی تحقیقاتی ادارہ بلوچستان نظامات افزائش تخم ، سبزیات کے ڈائریکٹر بشیر احمد بنگلزئی نے سرد علاقوں کے کاشت کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مختلف سبزیوں خاص کر ٹماٹر ، مرچ اور کھیرا کو کاشت کرنے کے لئے ٹنل فارمنگ کو بروئے کار لائے اس سے ان کی پیداوار میں 4 جبکہ آمدن میں 8 گناء تک اضافہ ہوگا ۔ ان کے مطابق زرعی تحقیقات کے بعد بلوچستان کے سرد علاقوں میں اس ٹیکنالوجی کو کئی سالوں کے تجربات کے بعد بروئے کار لایا گیا ہے جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ۔

ٹنل فارمنگ کے ذریعے غیر موسمی فصلوں کی کاشت بھی آسان ہوچکی ہے اس عمل سے مارکیٹ میں مانگ کے مطابق کاشتکار مال دے سکتے ہیں اس جدید ٹیکنالوجی کے باعث فصلوں کو امراض اور حشرات کے حملوں سے بھی محفوظ بنایا جاسکتا ہے اس بابت کامیاب تجربے کئے جاچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

بشیر احمد بنگلزئی نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی کا استعمال بھی 40 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے اس لئے ہماری کاشت کاروں سے اپیل ہے کہ وہ ادارہ زرعی تحقیقات افزائش تخم وسبزیات کے ماہرین سے رابطہ کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی بارے زمینداروں کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے ایشین ویجیٹبل ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ عالمی ادارے سبزیات کے تعاون سے کوئٹہ ، پشین اور کچھی کے زمینداروں کو تربیت دی گئی ہے جس میں سو کے قریب زمینداروں کو مرحلہ وار تربیت دی جاچکی ہے اس لئے ان تربیت یافتہ گان کے توسط سے ٹنل فارمنگ پر کام زمینداروں کی سطح پر شروع ہوچکی ہے ۔

متعلقہ عنوان :