حق پرست ایم این اے محمد مزمل قریشی کا اسکیم 33 میں گورنمنٹ کالجز اور اسکولوں کا تفصیلی دورہ

جمعہ 27 فروری 2015 18:37

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) حق پرست رکن قومی اسمبلی محمد مزمل قریشی نے اسکیم 33 میں مختلف گورنمنٹ کالجز اور اسکولوں کا تفصیلی دورہ کرکے سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا ، اس موقع پر ایجوکیشن کمیٹی، یونٹ اورسیکٹرزکے ممبران بھی موجود تھے ۔ تفصیلات کے مطابق حق پرست رکن قومی اسمبلی محمدمزمل قریشی نے گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج گلزار ہجری میٹرول نمبر3 ،گورنمنٹ اردو بوائز پرائمری اسکول گلشن ٹاوٴن ضلع ملیر ،گورنمنٹ گرلز ماڈل سیکنڈری اسکول یونیورسٹی کیمپس کراچی کا دورہ کرکے سہولیات کے فقدان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے طالب علموں کیلئے سہولیات ناکافی اور نامناسب ہیں جس کی وجہ سے ہمارے قوم کے طالب علموں کا مستقبل متاثر ہورہاہے ۔

حق پرست ایم این اے محمد مزمل قریشی نے گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج میں صفائی کے ناقص انتظام، پانی کے مسئلے اور عمارت کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کیا جبکہ گورنمنٹ بوائر اور گرلز اسکولزمیں فرنیچر کی عدم دستیابی ، ناقابل استعمال باتھ رومز ، باوٴنڈری وال کی ٹوٹ پھوٹ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنے مستقبل کے معماروں کی اس ماحول میں تعلیم و تربیت کریں گے تو وہ مستقبل میں کیسے قوم و ملک کی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متعلقہ کالج اور اسکول انتظامیہ نے محمد مزمل قریشی کو بتایا کہ سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کو کئی دفعہ تحریری طورپر آگاہ کیالیکن اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوسکا،واضح رہے کہ کالجز اور اسکول میں سیکورٹی اور مناسب سہولیات نہ ہونے کے سبب طالب علم اکثر غیر حاضر ہوتے ہیں۔ اس موقع پر محمدمزمل قریشی نے کہا کہ حق پرست قیادت ہر سطح پر بات چیت کرکے متعلقہ محکموں کو پابند کرے گی کہ کالجز، اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں میں تعلیمی اور سیکورٹی کی سہولیات کو بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔