ملاوٹ مافیا کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لئے گرینڈ اپریشن جاری رکھا جائے ، نور الامین مینگل،

کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کے دھندے کے بارے میں خفیہ معلومات حاصل کرکے کامیاب چھاپے مارے جائیں ، ڈی سی او فیصل آباد

جمعہ 27 فروری 2015 18:28

فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) ڈی سی او نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ ملاوٹ مافیا کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لئے گرینڈ اپریشن جاری رکھا جائے اس سلسلے میں کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کے دھندے کے بارے میں خفیہ معلومات حاصل کرکے کامیاب چھاپے مارے جائیں تاکہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔یہ بات ڈی سی او نورالامین مینگل کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر کنور اعجاز خالق نے ڈسٹرکٹ فوڈ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر وقار صادق‘ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدر علی‘اسسٹنٹ کمشنرز‘ٹی ایم اوز اور دیگر افسران کے علاوہ سول سوسائٹی سے محمود عالم جٹ‘اسلم بھلی‘غضنفر ناطق ودیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سیکرٹری فوڈ کنٹرول بورڈ ڈاکٹر رائے قمر نے ماہانہ کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فروری کے دوران 712 سیمپلز حاصل کئے گئے جس میں سے393 فیل اور قصورواروں کے خلاف مقدمات عدالت کو بھجوائے گئے ہیں جبکہ ماہ جنوری میں 118 سیمپلزمیں سے69 فیل اور مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔صدر اجلاس نے ڈاکٹر رائے قمر کی سربراہی میں محکمہ صحت کی ٹیم کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اشیائے ضروریہ میں ملاوٹ کا خاتمہ کرنا نہ صرف قانونی ذمہ داری ہے بلکہ یہ عظیم سماجی خدمت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ہوٹلز‘ریسٹورنٹس‘بیکریوں اور دکانوں کے مالکان کو پابند بنایا جائے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے فون نمبرز پر مشتمل پمفلٹس نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں تاکہ شہری ان عناصر کی نشاندہی کر کے اپنا قومی فریضہ ادا کرسکیں۔ڈی او لائیو سٹاک نے بتایا کہ ماہ فروری کے دوران600 قصابوں کی دکانوں کو چیک کرتے ہوئے مضر صحت‘غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والے17 قصابوں کے خلاف مقدمات درج‘22 کو گرفتار اور47 کے چالان کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ قبضہ میں لیا گیا1350 کلو گرام سے زائد گوشت تلف اور قصابوں کو 13 ہزارروپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ فروری کے دوران 91 پیور فوڈ لائسنس جاری کئے گئے۔اجلاس کے دوران سول سوسائٹی کے نمائندگان نے ملاوٹ مافیا کی بیخ کنی کے لئے بعض تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :