اسلامی یونیورسٹی میں علامہ اقبال شیلڈ کے لیے تقریری مقابلوں کا انعقاد،

باصلاحیت نوجوانوں سے ملک کا روشن مستقبل وابسطہ ہے، مہمان خصوصی ڈاکٹر بشیر خان

جمعہ 27 فروری 2015 18:27

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) کل پاکستان بین الجامعاتی تقریری مقابلے برائے علامہ اقبال شیلڈ کے دوسرے راوٴنڈ کا اہتمام گزشتہ روز بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں کیا گیا جن میں 14 جامعات کے 40سے زائد طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ اسلامی یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقدہ ان مقابلوں میں (NUML) نمل(NUST) نسٹ اور(NDU) این ڈی یو کے طلبہ و طالبات نے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔

مقابلوں کے نتائج کے مطابق انگریزی کیٹگری کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن این ڈی یو کے خوشحال خان نے حاصل کی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشنز بالترتیب نمل کی دونوں طالبات سنینہ سعید اور ہادیہ عارف نے اپنے نام کیں۔ اردو کیٹگری کے فاتح نسٹ کے مخدوم شہاب الدین تھے جبکہ دوسری پوزیشن نسٹ ہی کے نعیم ملک نے حاصل کی، اس کیٹگری میں تیسری پوزیشن نمل کے محمد علی شاہ کے حصے میں آئی۔

(جاری ہے)

اس مقابلے کے ججز میں اسلام آباد کالج فار بوائز ایف الیون۔ دن کے ڈاکٹر صبغة اللہ خان ، ڈائریکٹر مطبوعات نسٹ محمد الیاس چشتی، اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی سے ڈاکٹر فوزیہ جنجوعہ اور جامعہ ہی کے شعبہ اردو کی ڈاکٹر سائرہ بتول شامل تھیں۔ اس موقع پر منعقدہ نتائج و انعامات کی تقریب کے مہمان خصوصی قائمقام صدر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد بشیر خان تھے جبکہ تقریب کے مہمان ذی وقار ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر تدریسی امور طاہر علی شاہ تھے۔

اس موقع پر تقریب میں مشیر طلباء جامعہ ڈاکٹر طاہر خلیلی، مشیر صدر جامعہ ڈاکٹر فضل ربی ممتاز، ایڈیشنل مشیر طلباء عبدالقادر ہارون ، جامعہ کے دیگر عہدیدران اور طلبہ و طالبات بھی شریک تھے۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر بشیر خان نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی کو ان مقابلوں کی میزبانی پر فخر ہے اور طلباء و طالبات کی ذہنی استعداد کی ترقی کے لیے اس طرز کی سرگرمیاں ضروری ہیں کیونکہ ان سے نوجوانوں میں اعتماد سازی کے عمل میں بھی بہتری آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بااعتماد اور بہتر طریقے سے اپنی بات لوگوں تک پہنچانے والی شخصیات ہی ہمیشہ کامیابی حاصل کرتی ہیں اس لیے ایسے مقابلوں کا انعقاد ضروری ہے۔ ڈاکٹر بشیر خان نے کہا کہ نوجوان ہی اس ملک کی اصل امید ہیں جن سے ہمارا روشن مستقبل وابسطہ ہے۔ انہوں نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر ایچ ای سی کے تعاون اور جامعہ کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور ان کی انتھک محنت کو سراہا۔

طاہر علی شاہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ایچ ای سی آئندہ بھی اس نوعیت کی تعمیری سرگرمیاں ترتیب دیتا رہے گا اور اس ضمن میں تمام تعلیمی اداروں کو بھر پور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مقابلے کے امیدواروں کے طرز سخن ، تلفظ اور اعتماد کی تعریف کی اور شرکاء کو علامہ اقبال شیلڈ کے مقابلہ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسے 1994 میں وزارت تعلیم کے تعاون سے شروع کیا گیا جس کا مقصد نوجوانوں میں اعتماد سازی ، درست طریقے سے اردو انگریزی بول چال اور مباحثے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

انہوں نے بہترین انتظامات پر اسلامی یونیورسٹی کی انتظامیہ کو بھی سراہا۔ ڈاکٹر طاہر خلیلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں ان مقابلوں کی میزبانی کے دوران اسلامی یونیورسٹی نے ملک کے بہترین ٹیلنٹ کو دیکھا اور جامعہ آئندہ بھی اس طرز کے تعمیری پروگرام تواتر سے ترتیب دیتی رہے گی۔ انہوں نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے تلقین کی کہ وہ اس طرح کے مثبت پروگراموں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کریں۔ آخر میں ڈاکٹر محمد بشیر خان نے مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو یادگاری شیلڈز پیس کیں جبکہ انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ ای سی کو بھی جامعہ کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :