قانونی تقاضے پورے کرنے والے غیر ملکی طلبہ کو دینی مدارس سے نہ نکالا جائے‘ پروفیسر ساجد میر

جمعہ 27 فروری 2015 16:46

لاہور ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) مرکز ی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرنے والے غیر ملکی طلبہ کو دینی مدارس سے نہ نکالا جائے ،اگر دنیاوی علوم کے لیے باہر سے طلبہ آسکتے ہیں تو دینی تعلیم کے لیے کیوں نہیں جہاں تک کسی طالب علم کی مشکوک سرگرمیوں کا تعلق ہے تو ان کی مانیٹر نگ کاٹھوس میکانزم بنانا حکومت اور سیکورٹی اداروں کا کام ہے۔

جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے نام پر دینی مدارس کو بدنام کرنا غیر ملکی ایجنڈا ہے۔ دینی مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں دینی مدارس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں مدارس دینی علوم کی ترویج میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں دینی مدارس کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے غیر ملکی طاقتیں دینی مدارس کو دہشت گرد قرار دیکر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر کا ناجائز استعمال نہیں ہو نا چاہیے ۔محض مسلکی تعصب کی بنیاد پر انتظامیہ اور بعض پولیس اہلکار علماء کے خلاف مقدمات درج کرارہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے، پنجاب میں علماء کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور نظربندیوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے منفی نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے مگر بے گناہوں کو تنگ کرنے کاسلسلہ بند کیا جائے۔