سری سانتھ پر جیل میں چاقو سے حملہ کرنیکی کوشش کی گئی :اہل خانہ

جمعہ 27 فروری 2015 16:46

سری سانتھ پر جیل میں چاقو سے حملہ کرنیکی کوشش کی گئی :اہل خانہ

کوچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27۔فروری 2015ء ) سابق بھارتی فاسٹ باؤلر سری سانتھ کے اہل خانہ نے انکشاف کیا ہے کہ کرکٹر پر جیل میں چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ سری سانتھ کے بہنوئی اور نامور گلوکارمدھو بالاکرشنن نے جمعہ کو میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ مئی ، 2013 تہاڑ جیل میں 26 دن گزارنے کے بعد واپس گھر آنے پر سری سانتھ نے واقعہ کا تذکرہ کیا تھا۔

بالاکرشن کے مطابق سری سانتھ نے بتایا کہ وہ جیل کے احاطے میں چہل قدمی کر رہے تھے ،جب ایک بدنام مجرم چاقو لہراتا اچانک ان کے سامنے آ گیا۔ سری سانتھ نے مزاحمت کی کوشش کی جس سے حملہ آور کا ہاتھ زخمی ہو گیا۔ اتنی دیر میں جیل عملہ پہنچا اور اسے پکڑ کر لے گیا۔ بالاکرشن کا کہنا ہے کہ وہ واقعہ کو تنازعہ کی شکل نہیں دینا چاہتے اور نہ ہی اس پر کوئی قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے جذباتی مزاج کی وجہ سے جانے مانے سری سانتھ کو2013 راجھستان رائلز کی نمائندگی کرتےہوئے مبینہ میچ فکسنگ پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ان دنوں وہ ضمانت پر رہا ہیں۔ سری سانتھ کے خلاف دہلی کی ایک عدالت میں اگلے مہینے فیصلہ متوقع ہے۔ سابق کرکٹر پہلے ہی عدالت پر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ وہ تمام الزامات سے بری ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ انڈین پریمئر لیگ میں مبینہ سپاٹ فکسنگ پر سری سانتھ کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ان دنوں دہلی کی ایک عدالت میں ان کے خلاف مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :