پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے نام نہاد دعویداروں نے ملک کو اقتصادی و معاشی محاذ پر بھکاری بنادیا ہے ،راجہ راشد حفیظ

جمعہ 27 فروری 2015 16:13

راولپنڈی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی و جنرل سیکریٹری راول ٹاؤن راجہ راشد حفیظ نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے نام نہاد دعویداروں نے ملک کو اقتصادی و معاشی محاذ پر بھکاری بنادیا ہے اور عوام کی ننگی پیٹھ پر آئے روز مہنگائی کے تازیانے برس رہے ہیں ․ تحریک انصاف اقتدار میں آکرپاکستان کو دنیا کی بڑی اقتصادی و معاشی طاقتوں میں شامل کرے گی اور اپنے وسائل کو بروئے کار لاکر ملک کی تقدیر بدلی جائیگی ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی راول ٹاؤن کے سب آفس سید پور روڈ میں کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ ابھی عوام کو منتقل ہی نہیں ہو سکا تھا کہ حکومت نے ان سے یہ عارضی خوشی چھیننے کا فیصلہ کر لیا ہے ․ انہوں نے کہا کہ عوام کو موجودہ حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں ہے ․ یہ راہنماء الیکشن مہم کے دوران چھ ماہ سے لے کر دو سال تک توانائی بحران کے خاتمے کے وعدے اور دعوے کرتے نہیں تھکتے تھے اور اب جبکہ ان کی حکومت تیسرا سال بھی پورا کرنے جا رہی ہے ، وہی حکمران عوام کو بتا رہے ہیں اگلے تین سال میں بھی بجلی کا موجودہ بحران ختم نہیں ہو سکے گا ․ انہوں نے کہا کہ دو وقت کی روٹی کو ترسنے والے عوام کو مسلم لیگ ن کی حکومت میٹر و بس جیسے منصوبوں سے بہلا رہی ہے ․ ملک میں بالخصوص پنجاب کے اندر غریب عوام کی کہیں شنوائی نہیں ہوتی جن کے مال و زر اور عزتوں پر دن دیہاڑے ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ غریبوں کے استحصال کے اس نظام کو ہم جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ․ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کو میر پور آزاد کشمیر کے ضمنی الیکشن میں اپنی حیثیت کا پتہ چل جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :