حج درخواستوں کی وصولی سے پہلے عازمین کی آن لائن رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ ‘کامیاب امیدواروں کے اعلان کے بعد سیکورٹی فیچرڈ فارم پر درخواستیں وصول کی جائیں گی ‘وزارت مذہبی امور نے قومی بینکوں سے 15دن میں اظہار دلچسپی طلب کرلئے

جمعہ 27 فروری 2015 13:12

اسلام آباد (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) وزارت مذہبی امور نے آئندہ حج کے لئے درخواست فارم وصول کرنے سے پہلے عازمین کی آن لائن رجسٹریشن کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے شیڈولڈ بینکوں سے15دن میں اظہار دلچسپی طلب کر لئے ہیں -ذرائع کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی سے پہلے عازمین حج کی آن لائن رجسٹریشن کی جائے گی -متعلقہ بینک وزارت مذہبی امور کے آئی ٹی سیل کے وضع کردہ فارمیٹ پر عازمین حج کی آن لائن رجسٹریشن کریں گے‘ ان سے حج واجبات وصول کریں گے اور اس سلسلے میں مقرر کی جانے والی آخری تاریخ تک ہر روز وصول ہونے و الی درخواستوں کا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر وزارت کو ارسال کریں گے -وزارت مذہبی امور کی طرف سے درخواست جمع کروانے کے لئے کامیاب قرار پانے والے عازمین کے ناموں کے اعلان کے بعد متعلقہ بینک سیکورٹی فیچرز کے حامل خصوصی طور پر شائع کروائے جانے وا لے درخواست فارموں پر آخری تاریخ تک عازمین حج سے درخواستیں اور واجبات وصول کریں گے اور عازمین کی طرف سے ہر لحاظ سے مکمل درخواستیں آخری تاریخ کو دفتری اوقات کے بعد یا اگلے روز وزارت کے پا س جمع کروائیں گے - متعلقہ بینک اسلام آباد میں تعینات اپنے کوآرڈینیٹر کے ذریعے عازمین حج کے پاسپورٹ وزارت مذہبی امور کو پہنچائیں گے -اس عمل میں حصہ لینے میں دلچسپی رکھنے و الے بینکوں کی ملک بھر میں کم از کم 350شاخیں اور تحصیل کی سطح تک تمام شاخوں میں آن لائن سہولتوں کا ہو نا ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :