افغانستان میں برفانی تودے گرنے سے مالی و جانی نقصان پر بان کی مون کا اظہار افسوس

جمعہ 27 فروری 2015 12:28

نیویارک(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے افغانستان میں برفانی تودے گرنے اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور قیمتی جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔عالمی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے افغانستان کے کابل، پروان، پنج شیر، پکیسا، بدخشاں اور نورستان کے صوبوں میں طوفان، برف کے تودے گرنے اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور قیمتی جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں عالمی ادارے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سکریٹری جنرل نے افغانستان کے عوام اور حکومت سے تعزیت کی ہے، خاص طور پر اِن حادثات کے نتیجے میں اہل خانہ، احباب، گھروں کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اْنھوں نے کہا ہے کہ اِن قدرتی آفات کے بعد متاثرین کی فوری امداد کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے والے ساجھے دار تیزی سے حرکت میں آگئے ہیں۔

سکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ جہاں تک ممکن ہے، نقل مکانی پر مجبور ہونے والوں کو فوری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی، اْن خاندانوں اور برادریوں کی بحالی کے لیے کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے طویل مدتی منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ صوبہ پنج شیر میں برفافی تودے تلے دب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد200سے زائد ہوچکی ہے جب کہ برف کے تودے گرنے سے 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ حکام کے مطابق، افغانستان اور خاص طور پر پنج شیر میں گزشتہ 30 برسوں کے دوران، برفانی تودہ گرنے کا یہ مہلک ترین واقعہ ہے۔ صوبائی حکام نے بتایا ہے کہ شدید برفباری آئندہ دو روز تک جاری رہ سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :