اسلام آباد سمیت سوات ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں 5.8شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکے ،5افرادزخمی ،دومکانات تباہ

جمعہ 27 فروری 2015 11:31

اسلام آباد سمیت سوات ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں 5.8شدت ..

پشاور / اسلام آباد / مظفر آباد(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015 ) اسلام آباد سمیت سوات، شانگلہ، چترال ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 5.8شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے،مانسہرہ اور ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے آفٹر شاکس محسوس کئے گئے، جن کی شدت 4.0 تھی، کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ،شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے ۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، پشاور، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ ڈویژن، چترال، مظفر آباد، بٹگرام، کوہستان، اپر دیر، لوئر دیر، بونیر، وادی نیلم، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مظفر آباد اور ہر ی پور سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ۔

(جاری ہے)

زلزلے کے بعد شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

زلزلہ کوہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 جب کہ گہرائی 32 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز اسلام آباد سے شمال میں 92 کلو میٹر دور تھا۔ مانسہرہ اور ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے آفٹر شاکس محسوس کئے گئے، جن کی شدت 4.0 تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سوات، دیر، چترال اور گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس کے حوالے سے زلزلہ پیما مرکز نے بتایا تھا کہ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا، زلزلے کی زیر زمین گہرائی 131 کلو میٹر تھی۔مانسہرہ سے ملحقہ بٹگرام ضلع کے ایک سینئر افسر ظفر المانی نے بتایا کہ زلزلے سے کم از کم پانچ زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زلزلے کے جھٹکوں سے دو مکانوں کو بھی نقصان ہوا۔