حکومت بتائے شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ انتخابات کروانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں یا نہیں‘ لاہور ہائیکورٹ،

سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے 3مارچ کو جواب طلب کر لیا گیا

جمعرات 26 فروری 2015 23:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لئے دائر درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے 3مارچ کو جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی جار ہی ہے اور چالیس کروڑ تک میں ووٹ خرید ے جا رہے ہیں تاہم خفیہ رائے شماری کی بجائے اگر شو آف ہینڈ کی بنیاد پر انتخابات ہوں تو ہارس ٹریڈنگ کو روکا جاسکتا ہے۔

حکومت نے شو آف ہینڈ کے ذریعے انتخابات کروانے کا اعلان تو کیا ہے تاہم اس حوالے سے معلوم نہیں کہ عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں یا نہیں ۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اس حوالے سے تفصیلات طلب کی جائیں ۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 3مارچ کو وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ حکومت بتائے کہ شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ انتخابات کروانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں یا نہیں۔