بلوچستان میں امن ، اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے ،میجر جنرل شیر افگن،

مقصد کے حصول میں تمام قبائل اہم کردار اداکرسکتے ہیں، اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط کیاجائے اور علاقے کے عمائدین کے قیمتی مشوروں سے صوبے میں امن وامان کے حالات اور سکیورٹی میں بہتری کی کوششوں کو مزیدموثر کیاجائے،آئی جی ایف سی بلوچستان

جمعرات 26 فروری 2015 23:13

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) انسپکٹرجنرل فرنٹیئرکوربلوچستان میجرجنرل شیر افگن نے کہاہے کہ بلوچستان میں امن ، اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول میں تمام قبائل اہم کردار اداکرسکتے ہیں یہاں کے دورے کامقصد یہ ہے کہ باہمی خیالات کا تبادلہ کیاجائے۔اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط کیاجائے اور علاقے کے عمائدین کے قیمتی مشوروں سے صوبے میں امن وامان کے حالات اور سکیورٹی میں بہتری کی کوششوں کو مزیدموثر کیاجائے۔

میجرجنرل شیرافگن نے کہا کہ ملک خصوصاً صوبہ بلوچستان ایک نازک دور سے گزر رہاہے اور ہمارے ملک دشمنوں کی کوشش ہے کہ یہاں امن اور سکون نہ ہوہمیں مل کراتفاق اور اتحاد سے اس سازش کو ناکام بنانا ہے۔آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے سوئی اور ڈیرہ بگٹی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین اور معتبرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے ہر قسم کی دہشتگردی کوختم کرناہے اور تخریب کاری کے عوامل اور اسباب کا سدِباب کرناہے امن وامان کے لحاظ سے سوئی اور ڈیرہ بگٹی پرامن ڈسٹرکٹ ہیں اور صوبے کو خوشحال اور پرامن بنانے میں عمائدین بھرپور تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

مزیدبرآں شرپسندو ں کا قلع قمع کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز قبائلی عمائدین کے ساتھ ہے اور ملک دشمن کارروائیوں میں ملو ث شرپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں فرنٹیئر کور کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آباد تمام قبائل آپس میں ایک ہیں اورچھوٹے چھوٹے تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کیئے جانے چاہئیں۔تخریب کار ہم میں سے نہیں ہیں تاہم یہ ہماری سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے دشمن کی نشاندہی کریں اوران کے ناپاک عزائم کوناکام بنائیں۔

انہوں نے صوبے کی سرزمین کو دہشتگردی سے پاک کرنے اور ایسے عناصرکی بیخ کنی کرنے میں حکومتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا۔عمائدین نے کہاکہ صوبے کا ایک اہم مسئلہ بے روزگاری ہے جس کے خاتمے کیلئے فوری اور دیرپااقدامات کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل کوملک دشمن عناصراپنے گھناؤنے مقاصد کیلئے استعمال نہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ قبائل کے جرگہ سسٹم کو بحال کیاجائے ،معتبرین کو کوذمہ داری اور حیثیت دی جائے تاکہ تنازعات اورمسائل کاباہمی مشوروں سے موثر حل نکالاجاسکے۔

انہو ں نے کہا کہ امن کسی بھی علاقے کی ترقی کیلئے لازمی ہے اور ہم امن برقرار رکھنے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔عمائدین نے کہا کہ اگر ہم اتفاق اوراتحاد برقرار رکھیں گے تو کوئی باہر سے آکر تخریب کاری کی ہمت نہیں کر سکتا۔ تمام قبائلی عمائدین نے پاکستان کواپنی ماں اور باپ قراردیتے ہوئے اس کی حفاظت اور امن کیلئے بھرپور تعاون کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ اور دوسرے قبائل صدیوں سے بھائیوں کی طرح رہ رہے ہیں اور بلوچستان کے حالات خراب کرنے کا ذمہ دار صرف ایک مخصوص ٹولہ اور بیرونی طاقتیں ہیں جواپنے مفادات کی خاطر صوبے کو تباہی کی جانب لے جارہے ہیں اس کو روکنے کیلئے ہمیں اتحادواتفاق اور ذمہ داری کا بھرپور مظاہرہ کرنا ہوگاتمام قبائلی عمائدین نے افواج پاکستان اور ایف سی کی طرف سے امن وامان کے قیام اورملک کیلئے قربانیوں کو سراہااور ان کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین نے اپنی متعلقہ تحصیلوں اور ضلع کے مختلف ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے باور کرایا کہ ان میں سے بیشترسست روی کا شکارہیں انہوں نے آئی جی ایف سی سے درخواست کی کہ وہ مناسب سطح پران اسکیموں کو بروقت مکمل کروانے کیلئے علاقہ مکینوں کی مددفرمائیں۔جس پر آئی جی ایف سی نے یقین دلایا کہ یہ تمام مسائل صوبائی حکومت تک پہنچائے جائیں گے تاکہ ان کو عوام کی امنگوں کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایاجاسکے۔

آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کے اقدام کوسراہتے ہوئے کہا کہ جوبھی فراری ہتھیارڈال کرمحب وطن ہونے کا ثبوت دے گاہم ان کے ساتھ ہیں اوران کو ایک امن پسند شہری کی طرح زندگی گزارنے کے بھرپورمواقع فراہم کیئے جائیں گے ۔اُنہو ں نے کہاکہ صوبے کے حالات تیزی سے امن کی طرف گامزن ہیں۔ فرنٹیئرکوربلوچستان اور دیگر حکومتی اداروں کی بہترمخلصانہ پالیسیوں کی وجہ سے ہی بھٹکے ہوئے لوگ پہاڑوں سے واپس آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فراریوں کے ہتھیارڈالنے سے دوسرے پہاڑوں پر رہنے والے فراریوں کیلئے ایک مثبت پیغام ہے۔آخر میں آئی جی ایف سی اور قبائلی عمائدین نے اس یقین کا اظہارکیاکہ جلدہی قبائل اپنے تنازعات ختم کرکے ایک نئے دور کاآغاز کریں گے اور صوبے میں ترقی،امن محبت،بھائی چارے ،اتفاق اور اتحادکا ایک نیاباب شروع ہوگااور جلد ہی بلوچستان میں ایک ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیاجاسکے گا۔میجرجنرل شیرافگن نے تمام قبائلی عمائدین کا بھرپور شرکت پر شکریہ اداکیا۔

متعلقہ عنوان :