کوئٹہ، میٹرک امتحانات میں نقل اور دیگر غیر قانونی ذرائع کے استعمال کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے

جمعرات 26 فروری 2015 23:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) صوبہ بھر میں جاری میٹرک کے امتحانات میں نقل اور دیگر غیر قانونی ذرائع کے استعمال کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔محکمہ تعلیم سیکنڈری کو تمام اضلاع کے ڈی ای او سے موصولہ رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز منعقد ہونے والے پرچے کے دوران امتحانی مراکز میں انتظامی اور نقل کی روک تھام کے حوالے سے صورتحال اطمینان بخش رہی اس ضمن میں حکومتی ہدایات پر مکمل طور پر عملدرآمد کیاگیا۔

(جاری ہے)

کمشنروں ، ڈپٹی کمشنروں اور امتحانی عمل کی نگرانی کیلئے تعینات صوبائی سیکرٹریوں نے معمول کے مطابق مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ امیدواروں اور ان کے والدین کی جانب بھی امتحانات کیلئے محکمہ تعلیم کی جانب سے کئے گئے انتظامات اور نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات کو سراہا گیا علاوہ ازیں سول سوسائٹی کی جانب سے بھی اس توقع کا اظہار کیاگیا کہ نقل کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے اور طلباء میں محنت او تیاری کے ساتھ امتحانات دینے کے رجحان کو فروغ ملے گا جو شعبہ تعلیم کی ترقی اور علم دوست ماحول کیلئے ناگزیر ہے۔