نقل کا رجحان ختم کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کو عوامی سطح پر زبردست پزیرائی مل رہی ہے،عبداللہ جان

جمعرات 26 فروری 2015 23:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء)سیکریٹری اطلاعات عبداللہ جان نے کہاہے کہ نقل کے رجحان کو ختم کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کو عوامی سطح پر زبردست پزیرائی مل رہی ہے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اساتذہ کرام کے ساتھ ساتھ صوبائی سیکریٹریز ، کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ وقتاً فوقتاً امتحانی مراکز کا دورہ کرکے امتحانی عملہ کی نگرانی کررہے ہیں حکومت کے اس عمل سے مستقبل میں ہمارے تعلیمی معیار پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔

محنتی طلباء و طالبات کو ان کا حق ملنے میں آسانی کے ساتھ سا تھ ان کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی سیکریٹری اطلاعات نے جمعرات کے روز گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول حب، گورنمنٹ گرلز اسکول حب، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اکرم کالونی کا دورہ کرکے نقل کی روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حب نعیم جان گچکی کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عظیم ساجدی، ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن قلات عزیز کرد بھی ہمراہ تھے۔

سیکریٹری اطلاعات نے گڈانی جیل میں واحد امیدوار کے پیپر کا بھی جائزہ لیا۔ بعدازاں سیکریٹری اطلاعات نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول وندر کا بھی دورہ کیا اور امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی ہدایت کے مطابق نقل کے خلاف سخت ایکشن لے کر ملوث امیدواروں کو امتحانی سینٹر سے خارج کریں تاکہ اگلے پرچے کے لئے وہ محنت اور تیاری کرکے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل کی روک تھام کے لئے یہ پہلی سیڑھی ہے آئندہ بھی امتحانات میں اسی طرح سختی ہوتی رہے گی۔ طلباء کو چاہئے کہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں۔