پاکستان اور کرغستان کو مل جل کر علاقائی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا ، پاکستان کرغستان کے ساتھ تجارت، تعلیم، ثقافت اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، خطے میں مسلط کی گئی جنگوں کی وجہ سے دہشتگردی کو فروغ ملا ، دہشتگردوں کی تباہی انکا مقدر بن چکی ہے،

صدر مملکت ممنون حسین کی کرغستان کے وزیر خارجہ عبدی دائف بیکیشووچ سے ملاقات کے دوران بات چیت

جمعرات 26 فروری 2015 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغستان کو مل جل کر علاقائی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا ، پاکستان کرغستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تجارت، تعلیم، ثقافت اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، خطے میں مسلط کی گئی جنگوں کی وجہ سے دہشتگردی کو فروغ ملا۔

تاہم اب دہشتگردوں کی تباہی انکا مقدر بن چکی ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں کرغستان کے وزیر خارجہ عبدی دائف ایرلان بیکیشووچ سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کرغستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تجارت، تعلیم، ثقافت اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرکاری اور نجی شعبے میں معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے بہت صلاحیت موجود ہے۔ صدر مملکت نے تجارت اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان رابطوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ پر بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اس خطے میں مسلط کی گئی جنگوں کی وجہ سے دہشتگردی کو فروغ ملا۔

تاہم اب دہشتگردوں کی تباہی انکا مقدر بن چکی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور کرغستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگا جس سے دنوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ ملے گا۔ صدر مملکت نے کاسا 1000 منصوبے پر جاری پیشرفت پر بھی اطیمنان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کرغستان کے وزیر خارجہ عبدی دائف ایرلان بیکیشووچ نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔