تمام آسمانی مذاہب ، کتابوں اور انبیاء کی ناموس کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ سے قانون سازی عالمی امن کیلئے ضروری ہے‘ امریکہ ، روس ، یورپی اور اسلامی ممالک کو فوری طور پر اس پر توجہ دینی چاہیے،

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر محمود اشرفی کی مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 26 فروری 2015 22:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ تمام آسمانی مذاہب ، کتابوں اور انبیاء کی ناموس کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ سے قانون سازی عالمی امن کے لیے ضروری ہے، امریکہ ، روس ، یورپی اور اسلامی ممالک کو فوری طور پر اس پر توجہ دینی چاہیے ۔ وہ پاکستان علماء کونسل کے وفد کے ہمراہ مختلف ممالک کے سفراء سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

وفد نے پاکستان میں روس ، فلسطین ، اردون اور امریکہ کے سفارتی نمائندوں سے ملاقات کی اور فرانس اور بعض دیگر ممالک میں شائع ہونے والے توہین آمیز خاکوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر یاداشت پیش کی ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے فلسطین ، اردن ، روس ، اور امریکہ کے سفارتی نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ تمام انبیاء ، تمام آسمانی کتابوں اور مذاہب کے تقدس کے لیے اقوام متحدہ سے قانون سازی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

آزادی اظہار یا شخصی آزادی کا قطعی مقصد یہ نہیں ہے کہ عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا جائے اور لوگوں کو فساد اور قتل و قتال پر ابھارا جائے ۔ توہین آمیز خاکوں سے بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمہ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور بین المذاہب مکالمہ اور ہم آہنگی کے لیے ضروری ہے کہ رسول اکرم ، قرآن کریم اور تمام انبیاء  اور تمام آسمانی کتب کی توہین بند کی جائے۔ پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ابو علی ، اردن کے سفیر اور روس کے سفیر نے پاکستان علماء کونسل کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان علماء کونسل اور مسلمانوں کے جذبات اور احساسات کو نہ صرف اپنی حکومتوں تک پہنچائیں گے بلکہ اس سلسلہ میں جہاں تک بھی ممکن ہوا اپنا کردار ادا کریں گے ۔