پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے‘ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کو حقوق دلانے کیلئے دنیا کے ہر فورم پر اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے،

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کے مین آفس کے دورے کے موقع پر گفتگو

جمعرات 26 فروری 2015 21:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے، ہم ہمیشہ کی طرح آگے بھی کشمیریوں کو حقوق دلانے کے لیے دنیا کے ہر فورم پر اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کے مین آفس کے دورے کے موقع پر کیا۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما سابق وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

قبل ازیں ان کی آمد کے موقع پر پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور کشمیری حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک، وائس چئیرپرسن ریحانہ حسین ملک، جنرل سیکرٹری سبین حسین ملک اور دیگر سٹاف ارکان نے ان کا استقبال کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے مشعال حسین ملک سے یاسین ملک کی صحت کے حوالے سے دریافت کیا اور کہا کہ وہ ایک نیک مشن پر ہیں، اور اللہ تعالیٰ ان کو کامیاب کرے گا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کشمیر کے حوالے سے واضح اور دو ٹوک قسم کا موقف اور پالیسی رکھتی ہے جو سوائے اس کے کچھ اور نہیں جو کچھ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیر کے حوالے سے تجویز کیا گیا تھا انہوں نے چیئرپرسن مشعال حسین ملک کو یقین دلایا کہ ان کی پارٹی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گی۔ مشعال حسین ملک نے چودھری شجاعت حسین، مشاہد حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر دی لیکن ان کے حوصلے نہیں توڑ سکا۔ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو گئی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا خواب پورا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :