مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر کیپٹن (ر)صفدرنے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)کی ذیلی تنظیم مسلم لیگ یوتھ ونگ راولپنڈی میں 5 دھڑے بننے کا نوٹس لے لیا‘تمام عہدیداروں کو یکجا ہوکر ایک یونٹ بنانے کی ہدایت

جمعرات 26 فروری 2015 21:27

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء )مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر)صفدرنے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)کی ذیلی تنظیم مسلم لیگ یوتھ ونگ راولپنڈی میں 5 دھڑے بننے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام عہدیداروں کو یکجا ہوکر ایک یونٹ بنانے کی ہدایت کردی اور ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گروپ بندیاں ختم نہ ہوئیں تو تمام تنظیمیں توڑ کر نئے عہدیداروں کا اعلان کردیا جائیگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ عہدیداروں کی منشاء کے بغیربعض نوجوان عہدیداروں نے راولپنڈی مسلم لیگ یوتھ ونگ کے 5 دھڑے بنالیئے ہیں جن میں سرفہرست ملک شکیل اعوان گروپ،راجہ ناصر محفوظ گروپ،نعیم پاشا گروپ،لیاقت خان گروپ اور چوہدری سرفراز افضل کا (ریپڈفورس)گروپ شامل ہیں،ان گروپوں میں راجہ ناصر محفوظ،لیاقت خان اور نعیم پاشاخود کو ڈویژنل صدر جبکہ ملک وسیم اعوان،شبیر احمد اور امان اللہ ستی خود کو ضلعی صدر کہلواتے ہیں ان میں سے کسی کو بھی مقامی جماعت مسلم لیگ کے ضلعی و سٹی صدر اور جنرل سیکریٹرز کی متفقہ طور پر حمائیت حاصل نہیں ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکریٹری راجہ اشفاق سرور کو مشکل وقت میں قربانیاں دینے والے بعض عہدیداروں نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے امکان ہے کہ جلد ہی مسلم لیگ کے ضلعی صدر سردار ممتاز خان بسال اور سٹی صدر سردار نسیم کی سربراہی میں کمیٹی بناکر ارکان اسمبلی کی مشاورت سے مسلم لیگ یوتھ ونگ میں گروپ بندی جلد ہی ختم کرادی جائیگی۔