حکومت نے ہارس ٹریڈنگ کی لعنت کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا تہیہ کر رکھاہے ، حکومت چاہتی ہے کہ سینیٹ انتخابات میں خفیہ بیلٹ کی بجائے اوپن بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ ہو ، اس سے اپنی جماعتوں کی پالیسی کے خلاف چلنے والے ممبران پارلیمنٹ کا بھی پتہ چلایا جاسکتاہے ، وزیراعظم چند دن بعد تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو مدعو کریں گے، ہارس ٹریڈنگ کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے لائحہ عمل تیارکیاجائے گا

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی قائمقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو، جماعت اسلامی انتخابی نظام کو شفاف بنانے کی ہر کوشش کاساتھ دے گی ، اگر 2013 ء کے انتخابات کی طرح سینیٹ الیکشن بھی متنازعہ ہوگیا تو یہ پارلیمانی نظام کے لیے خطرناک ہوگا، لیاقت بلوچ

جمعرات 26 فروری 2015 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ حکومت نے ہارس ٹریڈنگ کی لعنت کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا تہیہ کر رکھاہے ، حکومت چاہتی ہے کہ سینیٹ انتخابات میں خفیہ بیلٹ کی بجائے اوپن بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ ہو تاکہ اس خرابی کو دور کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ جو ممبران پارلیمنٹ اپنی جماعتوں کی پالیسی کے خلاف چلتے ہیں ان کا بھی پتہ چلایا جاسکتاہے ، وزیراعظم چند دن بعد تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو مدعو کریں گے اور اس مسئلہ کے مستقل حل کے لیے لائحہ عمل بنایا جائے گا۔

وہ جمعرات کویہاں منصورہ میں سید زعیم قادری کے ہمراہ قائمقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ملاقات اور بعدازا ں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، نذیر احمد جنجوعہ ، امیر العظیم اور اظہراقبال حسن بھی موجود تھے ۔ ملاقا ت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ہمیں وزیراعظم نے خصوصی طور پر منصورہ بھیجا ہے تاکہ سینیٹ کے انتخابات میں ووٹوں کی بولی لگانے والوں کی مذموم کوششوں کو روکا جاسکے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے ہارس ٹریڈنگ کی لعنت کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا تہیہ کر رکھاہے ۔ حکومت چاہتی ہے کہ سینیٹ انتخابات میں خفیہ بیلٹ کی بجائے اوپن بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ ہو تاکہ اس خرابی کو دور کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ جو ممبران پارلیمنٹ اپنی جماعتوں کی پالیسی کے خلاف چلتے ہیں ان کا بھی پتہ چلایا جاسکتاہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ وزیراعظم چند دن بعد تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو مدعو کریں گے اور اس مسئلہ کے مستقل حل کے لیے لائحہ عمل بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت بائیسویں ترمیم کے ذریعے ہارس ٹریڈنگ کے تمام راستے بند کردیناچاہتی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ملک میں ایکشن پلان دہشتگردی کو روکنے کے لیے ہے ۔ قانون نافذ کرنے والے اداے یا پولیس کے کچھ اہلکار اگر اس کی آڑ میں دینی طبقات کو ہراساں کررہے ہیں تو انہیں پکڑا جائے گا اور ان کی سخت باز پرس ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں ۔ کے پی کے میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی اتحادی حکومت ہے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں انتخابی نظام کو شفاف بنانے کی ہر کوشش کاساتھ دے گی ۔ کسی بھی نوعیت کی ہارس ٹریڈنگ جو جمہوریت کے لیے بدنامی کا باعث ہو اسے ختم ہوناچاہیے ۔

اگر 2013 ء کے انتخابات کی طرح سینٹ کا الیکشن بھی متنازعہ ہوگیا ، تو پارلیمانی نظام کے لیے خطرناک ہوگا اور انتخابات پر کسی کو اعتماد نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پر کسی کو اعتراض نہیں ، یہ ایکشن پلان دہشتگردی کے خاتمہ اور دہشتگردوں کو پکڑنے کے لیے بنایا گیا تھا لیکن پولیس کو دیئے گئے اختیارات کا ناجائزہ استعمال کیا جارہاہے اور اس ایکشن پلان کو دینی طبقے کو ٹارگٹ کرنے کا ذریعہ سمجھ لیاگیاہے ۔

انہوں نے مساجد و مدارس پر چھاپے مارے جانے اور علماء کرام کو ہراساں کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو فوری طور پر اس پر اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے اور جو لوگ ملک میں اس کی آڑ میں اسلام کو بدنام کررہے ہیں ، ان کے خلاف بھی ایکشن لیا جاناچاہیے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت علما کی نظر بندیوں کے احکامات پر نظر ثانی کرے گی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابی نظام کو شفاف بنانے کے لیے آئین کی دفعہ 62-63 پر عمل ہوناچاہیے ۔ اصل کام سیاسی جماعتوں کا ہے کہ وہ ایسے قابل بھروسہ افراد کو ٹکٹ دیں جو اپنے ضمیر کا سودا کر نے والے اور عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچانے والے نہ ہوں ۔