حساس اداروں نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 3دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا،

دہشت گردوں میں اکرم منصوری ، اقبال فاروقی اور منور خان شامل ،قبضے سے بھاری مقدار میں آتشی اسلحہ بھی برآمد ، طالبعلم کو اغواء کر کے 6کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا ، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے ‘ سی آئی سے پولیس

جمعرات 26 فروری 2015 21:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ، دہشت گردوں نے لاہور انجینئر نگ یونیورسٹی کے طالبعلم کو اغواء کر کے 6کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل انجینئرنگ یونیورسٹی کے طالبعلم فواد خان کو علامہ اقبال ٹاؤن لاہور سے نامعلوم مسلح افراد اغواء کر کے بنوں لے گئے تھے اور بعد ازاں مغوی کے اہل خانہ سے اس کی بازیابی کے عوض 6کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا ۔

(جاری ہے)

جس پر مقامی پولیس نے مغوی فواد خان کے اہل خانہ کی درخواست پر اغواء برائے تاوان کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں ۔ گزشتہ روز حساس اداروں نے دہشت گردوں کے موبائل فون کا ریکارڈ ٹریس کرتے ہوئے انہیں بنوں سے گرفتار کر لیا ۔ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں اکرم منصوری ، اقبال فاروقی اور منور خان شامل ہیں جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں آتشی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ تینوں دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لئے سی آئی اے پولیس لاہور کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔سی آئی اے پولیس کا دعویٰ ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جن سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہے ۔